غزہ میں 70 بچوں سمیت 100 فلسطینی شہدا کی اجتماعی نماز جنازہ، ہزاروں افراد شریک

غزہ میں 70 بچوں سمیت 100 فلسطینی شہدا کی اجتماعی نماز جنازہ، ہزاروں افراد شریک

غزہ: غزہ کی پٹی میں اسرائیلی جنگ کے دوران تباہ ہونے والے گھروں کے ملبے سے حالیہ دنوں میں ملنے والی 100 فلسطینیوں کی میتوں کی غزہ سٹی کے علاقے زیتون میں اجتماعی نمازِ جنازہ ادا کر دی گئی۔

جنازے میں شہدا کے لواحقین سمیت ہزاروں فلسطینیوں، سماجی اور سیاسی شخصیات نے شرکت کی۔ جاں بحق افراد میں 70 بچے بھی شامل تھے۔میتوں اور انسانی باقیات کو تباہ شدہ گھروں کے ملبے کے قریب رکھا گیا، جہاں ان پر فلسطینی پرچم لپیٹے گئے۔ اس موقع پر غزہ سول ڈیفنس کے اہلکاروں اور متاثرہ خاندانوں کے نمائندوں نے تعزیتی اور یادگاری خطابات بھی کیے۔اجتماعی نمازِ جنازہ کے بعد تمام میتوں اور انسانی باقیات کو زیتون کے علاقے میں واقع الاحلی قبرستان میں سپردِ خاک کر دیا گیا۔

رپورٹ کے مطابق امدادی ٹیمیں جنگ سے متاثرہ علاقوں میں تباہ شدہ عمارتوں کے ملبے سے اب تک تقریباً 900 لاشیں نکال چکی ہیں، جبکہ غزہ میں تقریباً 9 ہزار فلسطینیوں کی لاشیں اب بھی ملبے تلے دبے ہونے کی اطلاعات ہیں۔جنگ کے نتیجے میں غزہ میں بڑے پیمانے پر رہائشی عمارتیں تباہ ہوئی ہیں، جس کے باعث ملبے تلے دبے افراد کی تلاش اور لاشوں کی بازیابی کا عمل بدستور جاری ہے۔