غزہ میں 15 نئے فلسطینی شہدا کی لاشیں وصول، مجموعی تعداد 285 تک پہنچ گئی

غزہ میں 15 نئے فلسطینی شہدا کی لاشیں وصول، مجموعی تعداد 285 تک پہنچ گئی

غزہ کے جنوبی شہر خان یونس کے نصر اسپتال نے تصدیق کی ہے کہ امریکی ثالثی میں طے پانے والے جنگ بندی معاہدے کے تحت مزید 15 فلسطینی شہدا کی لاشیں واپس ملی ہیں۔

 اس سے قبل، اسپتال حکام کا کہنا تھا کہ اس معاہدے کے تحت اب تک 285 فلسطینیوں کی لاشیں وصول کی جا چکی ہیں، جنہیں اسرائیلی فوج نے فلسطینی حکام کے حوالے کیا ہے۔ یہ معاہدہ اس شرط پر عمل میں آیا ہے کہ جب بھی اسرائیل کو کسی اسرائیلی یرغمالی کی لاش ملتی ہے، تو وہ بدلے میں 15 فلسطینی شہدا کی لاشیں واپس کرتا ہے۔رپورٹ کے مطابق، جنگ بندی کے آغاز میں حماس کے قبضے میں 48 یرغمالی تھے، جن میں سے 20 زندہ اور 28 ہلاک تھے۔ بعد میں، حماس نے تمام زندہ یرغمالیوں کو رہا کر دیا اور 21 ہلاک قیدیوں کی لاشیں اسرائیل کے حوالے کیں۔

 اسرائیلی حکام کا الزام ہے کہ حماس جان بوجھ کر ہلاک یرغمالیوں کی لاشیں واپس کرنے میں دیر کر رہی ہے، مگر حماس کا موقف ہے کہ یہ عمل مشکل ہے کیونکہ کئی لاشیں تباہ شدہ عمارتوں کے ملبے تلے ہیں۔ حماس نے بین الاقوامی ثالثوں اور ریڈ کراس سے اپیل کی ہے کہ وہ لاشوں کی بازیابی کے لیے ضروری مشینری فراہم کریں۔واضح رہے کہ دو سال سے جاری جنگ میں، اب تک 68,875 فلسطینی شہید اور 170,679 زخمی ہو چکے ہیں، جبکہ غزہ کی آبادی بڑی تعداد میں بے گھر ہو چکی ہے۔