متحدہ عرب امارات نے غذائی معیار بہتر بنانے کے لیے پیک شدہ اشیائے خورونوش میں نمک، چینی اور چکنائی کے استعمال سے متعلق نئی حدود مقرر کردی ہیں، جبکہ خلاف ورزی پر 5 لاکھ درہم تک جرمانہ عائد کیا جائے گا۔
اماراتی وزارت صحت کے مطابق نئی غذائی پابندیوں کا اطلاق مقامی طور پر تیار کردہ ’میڈ اِن یو اے ای‘ اور درآمد شدہ پیک شدہ غذاؤں دونوں پر ہوگا۔ ان قواعد پر مرحلہ وار عملدرآمد کیا جائے گا، جبکہ مکمل نفاذ 31 دسمبر 2030 تک یقینی بنایا جائے گا۔وزارت صحت کے بیان کے مطابق ڈبل روٹی، فلیٹ بریڈ، میٹھے دہی، لسی، نمکین بسکٹ، پراسیس میوہ جات، پریٹزلز اور آلو، سبزیوں و اناج سے تیار کردہ نمکین اسنیکس میں نمک، چینی اور چکنائی کی مقدار مقررہ حدود کے مطابق مرحلہ وار کم کی جائے گی۔حکام کے مطابق مقررہ حد سے زیادہ نمک، چینی یا چکنائی استعمال کرنے والی کمپنیوں کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔خلاف ورزی کی صورت میں کمپنی پر جرمانے کے ساتھ اسے 6 ماہ تک بند بھی کیا جاسکتا ہے، جبکہ سنگین خلاف ورزی کی صورت میں کمپنی کا لائسنس منسوخ کرنے کی کارروائی بھی کی جاسکتی ہے۔