کیمرون گرین پیٹ کی تکلیف کے باعث جنوبی افریقا کے خلاف پہلے ٹیسٹ سے باہر

کیمرون گرین پیٹ کی تکلیف کے باعث جنوبی افریقا کے خلاف پہلے ٹیسٹ سے باہر

آسٹریلیا کے آل راؤنڈر کیمرون گرین پیٹ کی تکلیف کے باعث جنوبی افریقا کے خلاف ڈربن میں ہونے والے پہلے ٹیسٹ میچ سے باہر ہوگئے ہیں۔

آسٹریلوی ٹیم انتظامیہ کو امید ہے کہ گرین سیریز کے اگلے میچز میں بطور بلے باز ایکشن میں واپس آسکتے ہیں، تاہم ان کے بولنگ کرنے کے امکانات انتہائی کم ہیں۔کیمرون گرین کو پوچفسٹروم میں آخری ون ڈے میچ کے دوران انجری ہوئی تھی۔ کوربن بوش کے خلاف مختصر اسپیل میں انہیں پیٹ پر گیند لگی، جس کے بعد وہ تکلیف میں دکھائی دیے۔انجری کے باوجود گرین نے چھکا لگایا، تاہم اس کے فوراً بعد آؤٹ ہوگئے۔آسٹریلیا کے ہیڈ کوچ اینڈریو میک ڈونلڈ کے مطابق کیمرون گرین کی بحالی کا عمل مثبت انداز میں جاری ہے، تاہم ٹیم ان کی واپسی کے معاملے میں کسی قسم کا خطرہ مول نہیں لینا چاہتی۔ان کا کہنا تھا کہ اگر گرین کی واپسی ہوتی ہے تو ابتدائی طور پر ان کی توجہ صرف بیٹنگ پر ہوگی۔

کیمرون گرین کی عدم دستیابی آسٹریلوی ٹیم کے لیے اہم نقصان قرار دی جارہی ہے کیونکہ وہ حالیہ عرصے میں اچھی فارم میں تھے۔گرین کی جگہ کوپر کونولی یا حال ہی میں ٹیسٹ اسکواڈ میں واپس بلائے گئے نک میڈنسن میں سے کسی ایک کو موقع دیے جانے کا امکان ہے۔ نک میڈنسن نے طویل وقفے کے بعد ون ڈے کرکٹ میں شاندار واپسی کرتے ہوئے سنچری اسکور کی تھی، جس کے بعد انہیں ٹیسٹ اسکواڈ میں شامل کیا گیا۔