اڈیالہ جیل میں بجلی بند، ایمان مزاری اور ہادی چٹھہ پر فردِ جرم مؤخر

اڈیالہ جیل میں بجلی بند، ایمان مزاری اور ہادی چٹھہ پر فردِ جرم مؤخر

اسلام آباد: انسداد دہشت گردی عدالت اسلام آباد میں ایمان مزاری اور ان کے شوہر ہادی علی چٹھہ کے خلاف مقدمے میں فردِ جرم عائد کرنے کی کارروائی مؤخر ہوگئی۔

انسداد دہشت گردی عدالت کے جج طاہر عباس سپرا نے کیس کی سماعت کی۔ پراسیکیوٹر راجا نوید جبکہ ملزمان کے وکلا کے جونیئر وکلا عدالت میں پیش ہوئے۔سماعت کے دوران عدالت کو بتایا گیا کہ مرکزی وکلا ہائیکورٹ میں موجود ہیں، جس پر جونیئر وکیل نے مزید مہلت دینے کی استدعا کی۔ جج طاہر عباس سپرا نے ریمارکس دیے کہ چالان کی نقول پہلے ہی فراہم کی جاچکی ہیں اور آج فردِ جرم عائد کی جانی ہے۔عدالت نے مرکزی وکلا کو پیش ہونے کے لیے ساڑھے 11 بجے تک مہلت دی، تاہم بعد ازاں اڈیالہ جیل میں بجلی کی بندش کے باعث ایمان مزاری اور ہادی علی چٹھہ کو ویڈیو لنک کے ذریعے عدالت میں پیش نہیں کیا جاسکا، جس کے نتیجے میں فردِ جرم عائد نہ ہوسکی۔

جج طاہر عباس سپرا نے جیل حکام کو ہدایت کی کہ آئندہ سماعت پر دونوں ملزمان کی ویڈیو لنک کے ذریعے حاضری یقینی بنائی جائے۔ عدالت نے یہ بھی ہدایت کی کہ ایمان مزاری اور ہادی علی چٹھہ کو ان کے وکلا سے ملاقات کی سہولت فراہم کی جائے۔عدالت نے کیس کی سماعت آئندہ تاریخ تک ملتوی کرتے ہوئے ملزمان کی پیشی یقینی بنانے کی ہدایت کی۔ دستیاب رپورٹس کے مطابق اس مقدمے کا تعلق انٹرنیشنل کرکٹ ٹیم کی آمد کے موقع پر روٹ توڑنے اور لوگوں میں اشتعال پیدا کرنے کے الزامات سے ہے۔