شاہدرہ ٹاؤن تھانے میں چوری کے شبہ پر خاتون ملازمہ پر مبینہ تشدد، پولیس اہلکاروں کے خلاف کارروائی کا مطالبہ

شاہدرہ ٹاؤن تھانے میں چوری کے شبہ پر خاتون ملازمہ پر مبینہ تشدد، پولیس اہلکاروں کے خلاف کارروائی کا مطالبہ

لاہور کے تھانہ شاہدرہ ٹاؤن میں چوری کے شبہ میں تفتیش کے لیے بلائی گئی خاتون ملازمہ پر مبینہ پولیس تشدد کا واقعہ سامنے آیا ہے۔

متاثرہ خاتون سعدیہ کے مطابق اے ایس آئی بلال نے اسے فون کرکے تھانے طلب کیا اور چوری کے الزام سے آگاہ کیا۔ سعدیہ کا کہنا ہے کہ اس نے پولیس اہلکاروں کو چوری میں ملوث نہ ہونے کی وضاحت کی، تاہم اسے مبینہ طور پر مرد اہلکاروں نے ایک کمرے میں بند کرکے چارپائی سے باندھ دیا اور تشدد کا نشانہ بنایا۔سعدیہ کے مطابق تشدد کے باعث اس کی حالت غیر ہوگئی، جس کے بعد اسے گھر جانے کی اجازت دی گئی۔ متاثرہ خاتون کا کہنا ہے کہ مبینہ تشدد کے بعد وہ چلنے پھرنے کے قابل بھی نہیں رہی۔خاتون کے مطابق اس نے میاں منشی ہسپتال سے علاج کروایا اور میڈیکل معائنہ بھی کرایا، جس میں اس کی ٹانگوں اور پاؤں پر مبینہ تشدد کے نشانات پائے گئے۔متاثرہ خاتون نے متعلقہ پولیس اہلکاروں کے خلاف قانونی کارروائی کا مطالبہ کرتے ہوئے واقعے کی شفاف تحقیقات کی اپیل کی ہے۔