لوگ انٹرویو کو سیاق و سباق سے ہٹا کر ایسا پیش کرتے ہیں جس کا مقصد ہی کچھ اور تھا
کراچی (شوبز ڈیسک) اداکارہ نازش جہانگیر نے سوشل میڈیا میں مبالغہ آرائیوں کی بھرمار پر طنزیہ وار کیا ہے۔ فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ پلیٹ فارم انسٹاگرام پر اداکارہ نے مبالغہ آمیز خبروں پر طنزیہ ردِعمل دیتے ہوئے انسٹا سٹوری شیئر کی ہے۔نازش جہانگیر نے انسٹا سٹوری میں اپنے الفاظ کو سیاق و سباق سے ہٹ کر پیش کیے جانے اور توجہ حاصل کرنے والی سرخیوں کے لیے انہیں نئے انداز میں پیش کرنے پر برہمی کا اظہار کیا ہے۔اداکارہ نے طنزیہ انداز میں لکھا ہے کہ میں بل گیٹس کی بیٹی ہوں، یہ نہیں بتایا میں نے۔اس کے بعد انہوں نے اپنی ناراضی کی وجہ بیان کرتے ہوئے لکھا ہے کہ یہی وجہ ہے کہ مجھے اس ملک میں انٹرویوز دینا بالکل پسند نہیں، لوگ ایک سادہ سی بات کو کس طرح توڑ مروڑ دیتے ہیں، اسے مکمل طور پر سیاق و سباق سے ہٹا کر ایسا پیش کرتے ہیں جس کا مقصد ہی کچھ اور تھا۔اداکارہ نے لکھا ہے کہ اپنی کہانی خود گھڑنے سے پہلے مکمل بات جانیں، ہر چیز کو صرف سرخی بنانے کے لیے سنسنی خیز بنانے کی ضرورت نہیں ہوتی۔واضح رہے کہ نازش جہانگیر کا یہ ردِعمل ان کے حالیہ انٹرویو کے بعد سامنے آیا ہے، جس میں انہوں نے رشتوں اور اپنے ممکنہ شریکِ حیات سے متعلق ترجیحات پر گفتگو کی تھی۔