کراچی ،پولیس کے عقوبت خانے سے کینسر کی مریضہ سمیت 29 بازیاب

عقوبت خانے کے باہر پولیس وین اور موبائل کے علاوہ چار اہلکار بھی تعینات تھے
کراچی(آئی این پی ) کراچی  میں پولیس کے عقوبت خانے سے کینسر کی مریض خاتون سمیت 29 افراد کو بازیاب کرالیا گیا  ۔ میڈیارپورٹ کے مطابق مجسٹریٹ نعیم اختر نے گارڈن پولیس ہیڈ کوارٹر کے قریب ایک گھر پر چھاپہ مار کر وہاں غیر قانونی طور پر محبوس رکھے گئے افراد کو بازیاب کرا لیا۔مذکورہ گھر جو پولیس کے عقوبت خانے کا کام انجام دے رہا تھا، وہاں کینسر کی مریض خاتون کو مردوں کے ساتھ رکھا گیا تھا اور تمام افراد کے پیروں میں بیڑیاں ڈالی ہوئی تھیں۔مذکورہ عقوبت خانے کے باہر پولیس وین اور موبائل کے علاوہ چار اہلکار بھی تعینات تھے۔چھاپہ مار ٹیم کے بار بار پوچھنے کے باوجود سی آئی اے، ایس آئی یو اور اے وی سی سی کے اہلکار قیدی بنائے جانے والے افراد سے متعلق کوئی قانونی دستاویز پیش نہ کر سکے۔اس موقع پر پولیس اپنے پیٹی بند بھائیوں کا ساتھ دینے کیلئے مختلف تاویلیں پیش کرتی رہی۔