آئی جی کو رشوت دینے کی کوشش‘ سپرنٹنڈنٹ جیل اٹک گرفتار

راولپنڈی(آئی این پی ) وزیراعلی پنجاب مریم نواز کے کرپشن کے خاتمے کے ویژن کے تحت اہم کارروائی سامنے آگئی، آئی جی جیل خانہ جات پنجاب نے سپرنٹنڈنٹ جیل اٹک کو رشوت کے لفافے سمیت رنگے ہاتھوں گرفتار کروا دیا۔سپرنٹنڈنٹ جیل اٹک عمران برتھ، مورخہ 05 اکتوبر 2026 کو تقریبا رات 10 بجے آئی جی جیل خانہ جات پنجاب میاں سالک جلال سے ان کی رہائش گاہ پر ملاقات کے لیے آئے۔ملاقات کے دوران ڈسٹرکٹ جیل اٹک کے سیکیورٹی، سیفٹی اور دیگر انتظامی امور پر گفتگو ہوئی بعدازاں وہ وہاں سے روانہ ہوگئے لیکن تقریبا دو منٹ بعد سپرنٹنڈنٹ جیل اٹک دوبارہ واپس آئے اور ایک اہم بات کرنے کی خواہش ظاہر کی۔آئی جی جیل خانہ جات ڈرائنگ روم میں پہنچے تو عمران برتھ وہاں موجود تھے۔ اسی دوران انہوں نے نوٹوں سے بھرا ہوا ایک لفافہ براہِ راست آئی جی جیل خانہ جات کی میز پر رکھ دیا۔آئی جی جیل خانہ جات پنجاب نے فوری طور پر رشوت کی رقم قبول کرنے سے انکار کیا اور واقعہ کی اطلاع فوری طور پر سیکرٹری ہوم پنجاب کو دی۔ بعد ازاں اینٹی کرپشن اسٹیبلشمنٹ پنجاب کو فوری کارروائی کے لیے اطلاع دی گئی۔اینٹی کرپشن حکام نے فوری کارروائی کرتے ہوئے سپرنٹنڈنٹ جیل اٹک عمران برتھ کو رشوت کے لفافے سمیت رنگے ہاتھوں گرفتار کر لیا۔