مریم نواز کی مسقط میں عمان کے وزیر زراعت، ماہی گیری اور آبی وسائل سعود بن حمود بن احمد الحبیسی سے ملاقات‘وزیراعلی کی گوشت برآمد کرنے کی پیشکش
لاہور (سپیشل رپورٹر)وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے عمان کے وزیر زراعت، ماہی گیری اور آبی وسائل سعود بن حمود بن احمد الحبیسی سے ملاقات کی۔ عمان کے وزیر زراعت وماہی گیری اور آبی وسائل سعود بن حمود بن احمد الحبیسی نے وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کا پرتپاک خیرمقدم کیا۔ عمان کے وزیر سعود بن حمود بن احمد الحبیسی نے یواین ہیبی ٹیٹ سکرول آف آنر ایوارڈ حاصل کرنے پروزیراعلیٰ مریم نواز شریف کو مبارکباد دی۔ ملاقات میں پنجاب اور عمان کے درمیان ایگریکلچر، فشریزاور واٹر ریسورس میں باہمی تعاون کے امکانات کا جائزہ لیا گیا۔ اس موقع پر پنجاب اور عمان حکومت کے درمیان زراعت، فشریز اور لائیوسٹاک سمیت دیگر شعبوں میں تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا گیا۔ وزیر زراعت، ماہی گیری اور آبی وسائل سعود بن حمود بن احمد الحبیسی نے پنجاب میں پہلا شریمپ سنٹر قائم کرنے کی پیشکش کی۔ ملاقات میں دودھ اور گوشت کیلئے مویشیوں کے ایکسپورٹ بڑھانے کیلئے اقدامات پر بھی اتفاق کیا گیا۔ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے مسقط کوپنجاب سے میٹ ایکسپورٹ کی پیشکش کی۔ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے پنجاب سے سکلڈ ورکرکی مسقط آمد پر پابندی اٹھانے کے لئے اقدامات کی تجویزدی۔ عمان کے وزیر زراعت، ماہی گیری اور آبی وسائل سعود بن حمود بن احمد الحبیسی نے ویزا پابندی اٹھانے کی تجویز پر اتفاق کیا۔