توشہ خانہ ٹو :عمران ، بشریٰ کو بے گناہی ثابت کرنے کا آخری موقع

 دونوں عدالت پیش ، استغاثہ کے آخری گواہ محسن ہارون پر جرح مکمل 
سوالنامے فراہم، وکلا کل 342 کے تحت جوابات جمع کروائیں گے 
راولپنڈی، اسلام آباد ، لاہور ( مانیٹرنگ ڈیسک )بانی پی ٹی آئی عمران خان اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کے خلاف توشہ خانہ 2 کیس میں استغاثہ کے آخری گواہ پر جرح مکمل کر لی گئی، عدالت نے 342 کے تحت ملزموں کو اپنی بے گناہی ثابت کرنے کا آخری موقع دیدیا۔ کیس کی سماعت سپیشل جج سینٹرل شاہ رخ ارجمند نے اڈیالہ جیل میں کی، عمران خان اور بشریٰ بی بی کو عدالت پیش کیا گیا۔ملزموں کو 342 کے تحت سوالنامے فراہم کر دئیے گئے ، جس پر آئندہ سماعت پر جواب طلب کیا گیاہے۔عمران خان کے وکیل قوسین فیصل مفتی نے استغاثہ کے آخری گواہ محسن ہارون پر جرح مکمل کی۔ پراسیکیوشن نے عدالت کو شہادت مکمل ہونے پر تحریری طور پر آگاہ کر دیا۔دونوں کو دئیے گئے سوالناموں میں 29، 29 سوالات ہیں۔وکلاصفائی 8 اکتوبر کو 342 کے تحت سوالنامے کے جوابات جمع کروائیں گے۔ عدالت نے عمران خان اور بشریٰ بی بی کے وکلا کو ملزموں سے صلاح مشورے کا بھی موقع دیدیا۔ دریں اثنا انسدادِ دہشتگردی عدالت کے جج طاہر عباس سپرانے بانی تحریکِ انصاف اور دیگر رہنمائوں کے خلاف احتجاج اور آزادی مارچ کیسز کی سماعت ملتوی کر دی،گزشتہ روز سماعت کے دوران تین مسلسل غیر حاضریوں پر پی ٹی آئی کے تین کارکنوں کے وارنٹ گرفتاری جاری کر دئیے،243 نمبر کیس کی سماعت بغیر کارروائی 5 نومبر تک ملتوی کی گئی، تھانہ بارہ کہو آزادی مارچ کیس کی سماعت 12 نومبر ، تھانہ سی ٹی ڈی کیس کی سماعت 11 نومبر ،شہزاد ٹائون کیس کی مزید سماعت 31 اکتوبر تک ملتوی کر دی گئی۔سیشن کورٹ لاہور نے وزیراعظم شہباز شریف کے بانی پی ٹی آئی عمران خان کے خلاف ہتک عزت دعوی ٰپر سماعت جج کی عدم دستیابی کے باعث سماعت 13 اکتوبر تک ملتوی کردی۔