بھارتی اداکار اور سیاستدان پون سنگھ ایک نئے تنازعے کی زد میں آگئے ہیں، جب ان کی اہلیہ جیوتی سنگھ نے ان پر دوسری خواتین کے ساتھ ناجائز تعلقات اور ہراسانی جیسے سنگین الزامات عائد کیے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق جیوتی سنگھ نے الزام لگایا کہ پون سنگھ اکثر کسی دوسری لڑکی کے ساتھ ہوٹل جاتے ہیں۔ یہ انکشاف ایک ایسے وقت میں سامنے آیا جب گزشتہ ماہ پون سنگھ کی ایک متنازع ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی تھی، جس میں وہ اپنی ساتھی اداکارہ انجلی راگھو کے ساتھ نامناسب رویہ اختیار کیے ہوئے دکھائی دے رہے تھے۔پون سنگھ، جن کی 2018 میں جیوتی سنگھ سے شادی ہوئی تھی، پر ان کی اہلیہ نے متعدد خواتین کے ساتھ غیر اخلاقی تعلقات کے الزامات بھی لگائے۔ معاملہ اس وقت سنگین رخ اختیار کر گیا جب جیوتی سنگھ، پون سنگھ کی لکھنؤ رہائش گاہ پر پہنچیں تو وہاں پولیس پہلے سے موجود تھی۔پولیس کے مطابق، پون سنگھ نے اپنی اہلیہ کے خلاف قانونی شکایت درج کرائی تھی، جس کے بعد انہیں تھانے بلایا گیا، تاہم جیوتی سنگھ نے جانے سے انکار کر دیا۔
اس کے فوراً بعد وہ انسٹاگرام پر لائیو آئیں، جہاں وہ روتی ہوئی نظر آئیں اور اپنے شوہر پر سخت تنقید کی۔جیوتی سنگھ نے اپنے لائیو سیشن میں کہا:"یہ سماج کی خدمت کرے گا جو اپنی بیوی کو گرفتار کروانے کے لیے پولیس بلاتا ہے۔ جب الیکشن ہوتے ہیں تو یہ مجھے بلاتا ہے اور میرا نام استعمال کرتا ہے، جبکہ ہوٹل میں کسی اور لڑکی کے ساتھ جاتا ہے۔"یہ تنازعہ اس وقت سامنے آیا ہے جب پون سنگھ کا فنی اور سیاسی کیریئر دونوں دباؤ میں ہیں۔ سوشل میڈیا پر مداحوں اور صارفین نے پون سنگھ کے رویے پر سخت تنقید کرتے ہوئے ان سے جواب طلبی کا مطالبہ کیا ہے، جبکہ ان کے قریبی ذرائع کا کہنا ہے کہ اداکار جلد ہی اس معاملے پر اپنا مؤقف میڈیا کے سامنے پیش کریں گے۔