اسلام آباد ہائی کورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو میں عمران خان کی بہن علیمہ خان نے عدالتی کارروائیوں اور مقدمات کے حوالے سے سخت ردعمل دیا۔
انہوں نے کہا کہ عدالتوں میں ججز کو مصیبت پڑ چکی ہے اور تمام کیسز بری طرح ایکسپوز ہو رہے ہیں۔ ان کے مطابق جن لوگوں نے ان مقدمات کی "کھچڑی پکائی تھی، وہ خود پھنس چکے ہیں"۔علیمہ خان نے مزید کہا کہ "انھوں نے سمجھا تھا کہ بانی پی ٹی آئی گھبرا کر ڈیل کر لیں گے، مگر ایسا نہیں ہوا۔"ان کا کہنا تھا کہ انصاف کے تقاضے پورے نہیں کیے جا رہے اور ججز بھی مشکل صورتحال میں ہیں۔ تاہم، انہوں نے یہ بھی کہا کہ "کیسز بہت اچھے طریقے سے لڑے جا رہے ہیں، اور عوام میں انصاف کی اصل صورتحال واضح ہو رہی ہے۔"علیمہ خان کے اس بیان نے سیاسی حلقوں میں نئی بحث کو جنم دے دیا ہے، خصوصاً ایسے وقت میں جب بانی پی ٹی آئی کے خلاف مختلف عدالتوں میں اہم مقدمات زیرِ سماعت ہیں۔