دہشت گردوں نے فجر سے قبل اندھیرے میں تور چھپری پوسٹ پر اچانک حملہ کیا
شہید کاجسد خاکی کوہاٹ پولیس لائن منتقل، اعلی افسران کی موجودگی میں نمازِ جنازہ ادا
کوہاٹ (آئی این پی )کوہاٹ کے ٹرائبل سب ڈویژن درہ آدم خیل میں چیک پوسٹ پر دہشتگردوں کے حملے میں ایک پولیس اہلکار شہید جبکہ ایف سی حوالدار زخمی ہوگیا ۔ شہید کی نماز جنازہ ادا کردی گئی۔پولیس کے مطابق دہشت گردوں نے فجر سے قبل اندھیرے میں تور چھپری پوسٹ پر اچانک حملہ کیا ۔ پولیس نے بتایا کہ حملے کے نتیجے میں پولیس کانسٹیبل حضرت عمر شہید ہوگئے جبکہ فرنٹیئر کانسٹیبلری کا حوالدار بہادر خان زخمی ہوگئے۔ سیکیورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن شروع کردیا ہے۔واقعے کے فورا بعد زخمی اور شہید اہلکار کو قریبی اسپتال منتقل کیا گیا جہاں زخمی کو طبی امداد دی جارہی ہے ۔ شہید اہلکار کی جسد خاکی بعدازاں کوہاٹ پولیس لائن منتقل کی گئی جہاں پولیس کے اعلی افسران اور اہلکاروں کی موجودگی میں نمازِ جنازہ ادا کی گئی۔