بھارت کوئی بھی منصوبہ بندی کرے گا جس طرح پہلے ہم نے جواب دیا، اسی طرح کامیابی ملے گی،وہ جو کوشش کررہے ہیں یہ انتخِابی مرحلے اور سیاست کی وجہ سے ہے
غزہ کے مسلمانوں کی قربانیاں رنگ لائیں گی، وہاں روشنی کی کرن نظر آئی ہے،ابھی اس حوالے سے حتمی صورتِ حال سامنے آئے گی، کچھ چیزیں فائنل ہونی ہیں : میڈیا سے گفتگو
اسلام آباد(آئی این پی) وزیر دفاع خواجہ محمد آصف نے کہا ہے بھارت نے دوبارہ حرکت کی تو پہلے سے زیادہ رسوا ہوگا۔وفاقی دارالحکومت میں پارلیمنٹ ہائوس میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ بھارت نے پہلے جو ایڈونچر کیا تھا، پوری دنیا میں اس نے ذلت اٹھائی ہے۔انہوں نے کہا کہ بھارت کی عزت جو خاک میں ملی ہے اب اگر دوبارہ ایسی حرکت کرے گا تو زیادہ رسوا ہوگا، بھارت کوئی بھی منصوبہ بندی کرے گا جس طرح پہلے ہم نے جواب دیا، اسی طرح کامیابی ملے گی ۔ وزیر دفاع کا کہنا تھا کہ وہ جو کوشش کررہے ہیں یہ انتخِابی مرحلے اور سیاست کی وجہ سے ان کی اندرون خانہ ضرورت بن گئی ہے۔خواجہ آصف نے کہا کہ غزہ کے مسلمانوں کی قربانیاں رنگ لائیں گی، وہاں روشنی کی کرن نظر آئی ہے،ابھی اس حوالے سے حتمی صورتِ حال سامنے آئے گی،ابھی کچھ چیزیں فائنل ہونی ہیں اس کی حتمی شکل سامنے آجائے۔ان کا کہنا تھا کہ فلسطین کی ریاست قائم ہوگی، فلسطینی اپنی ریاست اور آزادی کا سانس لیسکیں، یہ دنیا کی ذمہ داری ہے کہ وہ فلسطین کے حقوق کی بات کرے اور ان کا ساتھ دے، دنیا فلسطین کے لیے گلیوں، بازاروں اور شہروں میں نکلی،یہ اس بات کی شہادت ہے کہ آزاد فلسطین ریاست قائم ہونی چاہیے۔