پنجاب نے عملی طور پر ثابت کر دیا وہ اپنے وسائل سے چیلنجز سے نمٹنے کی بھرپور صلاحیت رکھتا ہے
تمام صوبے اپنے وسائل کا درست استعمال اور سنجیدگی کا مظاہرہ کریں تو بیرونی امداد کی ضرورت نہیں
اسلام آباد ( آن لائن) مسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنما اور سینیٹر پرویز رشید نے سیلاب متاثرین کی بحالی کے حوالے سے پنجاب اور سندھ حکومتوں کے مؤقف پر ردعمل دیتے ہوئے وزیر اعلیٰ پنجاب کی مکمل حمایت کا اعلان کرتے ہوے کہا ہے وزیر اعلیٰ پنجاب کا مؤقف ہر محب وطن پاکستانی کے دل کی آواز ہے۔ پنجاب نے عملی طور پر ثابت کر دیا ہے وہ اپنے وسائل پر انحصار کرتے ہوئے بحالی کے چیلنجز سے نمٹنے کی بھرپور صلاحیت رکھتا ہے۔ صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے سینیٹر پرویز رشید نے کہا پنجاب حکومت نے سیلاب متاثرین کی بحالی کے لیے اپنے وسائل بروئے کار لا کر ایک اعلیٰ مثال قائم کی۔ انہوں نے کہا ہم نے سیلاب کے بعد نہ صرف انسانوں بلکہ جانوروں کو بھی خوراک فراہم کی، اور بحالی کے عمل کو عملی اقدامات سے ثابت کیا۔ انہوں نے کہا کہ اگر تمام صوبے اپنے وسائل کے درست استعمال اور حکومتی سنجیدگی کا مظاہرہ کریں تو بیرونی امداد کے بغیر بھی بڑے بحرانوں سے نکلا جا سکتا ہے۔