آئس سپلائی کرنے والا ملزم 520 گرام منشیات سمیت گرفتار

  لاہور (کرائم رپورٹر) شاہدرہ ٹا ئون پولیس نے شہریوں کی شکایات پر کارروائی کرتے ہوئے رہائشی علاقے میں منشیات کے عادی افراد کو آئس سپلائی کرنے والے ملزم کو گرفتار کرکے 520 گرام آئس بر آمد کر لی۔ پولیس کے مطابق ڈی آئی جی آپریشنز فیصل کامران کی ہدایت پر فوری کارروائی کرتے ہوئے ملزم زبیر کو گرفتار کیا گیا، جو گرفتاری سے بچنے کے لیے اعلیٰ معیار کے پینٹ کوٹ پہنتا تھا۔ پولیس نے ملزم کے خلاف مقدمہ درج کرکے علاقے میں منشیات کے عادی افراد کی آماجگاہیں بھی ختم کروا دیں۔ ایس پی سٹی ارشد حیات کنجو کے مطابق شہری منشیات کے عادی افراد کی آماجگاہوں اور منشیات فروشی سے متعلق اطلاع فوری طور پر 15 پر دیں۔ نوجوان نسل کو منشیات کی لعنت سے محفوظ رکھنے کے لیے پولیس کی کارروائیاں جاری ہیں۔