لاہور (کرائم رپورٹر) ڈی آئی جی آپریشنز فیصل کامران کی ہدایت پر لاہور پولیس نے منشیات فروشوں کے خلاف کارروائیاں مزید تیز کر دی ہیں۔ ڈیفنس سی پولیس نے چاہل گاوں کے قریب کارروائی کرتے ہوئے منشیات فروشی میں ملوث دو ملزمان، کاشف مسیح اور خرم ریاض کو گرفتار کر لیا۔ ترجمان کینٹ پولیس کے مطابق ملزم کاشف مسیح کے قبضے سے 280 گرام جبکہ خرم ریاض کے قبضے سے 460 گرام آئس برآمد ہوئی۔ پولیس نے ملزمان کے خلاف مقدمات درج کرکے مزید تفتیش شروع کر دی ہے۔ ایس پی کینٹ عثمان عزیز میر نے کہا کہ منشیات ایک لعنت ہے اور نوجوان نسل کو اس سے محفوظ رکھنا ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔ انہوں نے کہا کہ لاہور پولیس معاشرے کو منشیات سے پاک کرنے کے لیے پْرعزم ہے اور اس مکروہ دھندے میں ملوث عناصر کے خلاف کارروائیاں جاری رہیں گی۔