بھارتی فاسٹ بولر محمد شامی کا ٹیسٹ کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان، 13 سالہ کیریئر اختتام پذیر

بھارتی فاسٹ بولر محمد شامی کا ٹیسٹ کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان، 13 سالہ کیریئر اختتام پذیر

بھارت کے تجربہ کار فاسٹ بولر محمد شامی نے ٹیسٹ کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کردیا، جس کے ساتھ ہی ان کا 13 سالہ طویل ٹیسٹ کیریئر اختتام پذیر ہوگیا۔

 شامی نے اپنے فیصلے کا اعلان جمعے کے روز سوشل میڈیا پلیٹ فارم انسٹاگرام پر جاری ویڈیو پیغام کے ذریعے کیا۔36 سالہ محمد شامی نے نومبر 2013 میں ویسٹ انڈیز کے خلاف ٹیسٹ کرکٹ میں ڈیبیو کیا تھا۔ انہوں نے اپنے پہلے ہی ٹیسٹ میچ میں شاندار بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 118 رنز کے عوض 9 وکٹیں حاصل کیں اور بین الاقوامی کرکٹ میں اپنی صلاحیتوں کا بھرپور اظہار کیا۔

64 ٹیسٹ میچز میں 229 وکٹیں
محمد شامی نے اپنے ٹیسٹ کیریئر کے دوران بھارت کی نمائندگی کرتے ہوئے 64 میچز کھیلے اور 27.71 کی اوسط سے مجموعی طور پر 229 وکٹیں حاصل کیں۔ وہ اپنی رفتار، سوئنگ اور ریورس سوئنگ کے باعث دنیا کے نمایاں فاسٹ بولرز میں شمار ہوتے رہے۔شامی نے اپنے طویل کیریئر میں کئی اہم مقابلوں میں بھارت کی کامیابیوں میں کردار ادا کیا اور اپنی عمدہ بولنگ کے ذریعے ٹیم کو مشکل حالات سے نکالنے میں بھی اہم کردار ادا کیا۔

انجریز اور مشکلات کے باوجود میدان میں واپسی
ریٹائرمنٹ کے اعلان کے موقع پر اپنے پیغام میں محمد شامی نے کہا کہ ان کا 13 سالہ ٹیسٹ کرکٹ کا سفر کئی اتار چڑھاؤ، انجریز اور مشکلات سے بھرپور رہا۔ تاہم انہوں نے ہر مشکل کا ہمت اور حوصلے کے ساتھ مقابلہ کیا اور بار بار کرکٹ کے میدان میں واپسی کی۔انہوں نے اپنے اس سفر میں ساتھ دینے والے کوچز، ٹرینرز، فزیوتھراپسٹس اور مداحوں کا خصوصی شکریہ ادا کیا۔ شامی کے مطابق ان تمام افراد کی حمایت نے انہیں مشکل وقت میں حوصلہ دیا اور اپنے کھیل کو جاری رکھنے میں مدد فراہم کی۔

محدود اوورز کی کرکٹ جاری رکھنے کا فیصلہ
محمد شامی نے واضح کیا کہ ٹیسٹ کرکٹ سے علیحدگی کے باوجود وہ کرکٹ سے مکمل طور پر کنارہ کش نہیں ہورہے۔ وہ محدود اوورز کی بین الاقوامی کرکٹ، انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) اور ڈومیسٹک کرکٹ میں کھیلنا جاری رکھیں گے۔ان کا آخری ٹیسٹ میچ 2023 میں ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کا فائنل تھا، جبکہ انہوں نے آخری مرتبہ مارچ 2025 میں چیمپئنز ٹرافی کے فائنل میں بھارت کی نمائندگی کی تھی۔