55 شوگر ملز کے روٹس کی نشاندہی، اوورلوڈ ٹریکٹر ٹرالیوں اور بھاری گاڑیوں کی نگرانی سخت کرنے کا حکم
لاہور (کرائم رپورٹر) گنے کے کرشنگ سیزن کے دوران ٹریفک حادثات کی روک تھام کے لیے پنجاب ٹریفک پولیس نے خصوصی انتظامات شروع کر دیے۔ ڈی آئی جی ٹریفک پنجاب محمد وقاص نذیر نے وزیراعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر پی ایچ پی، آر پی اوز، ڈی پی اوز، سی ٹی اوز اور ڈی ٹی اوز کو مراسلہ جاری کرتے ہوئے خصوصی ٹریفک پلان مرتب کرنے کی ہدایت کر دی۔ مراسلے کے مطابق ٹریفک پولیس نے پنجاب کی 55 شوگر ملز کا ڈیٹا حاصل کرکے گنے کی ترسیل کے اہم روٹس کی نشاندہی بھی کر لی ہے۔ کرشنگ سیزن کے دوران گنے سے لدی اوورلوڈ ٹریکٹر ٹرالیوں کی بڑی تعداد سڑکوں پر آتی ہے، جبکہ اسموگ اور دھند کے باعث حدِ نگاہ کم ہونے سے حادثات کا خدشہ بڑھ جاتا ہے۔ ڈی آئی جی ٹریفک نے اہم شاہراہوں اور حساس مقامات پر ٹریفک پولیس اور پٹرولنگ پولیس کی خصوصی ڈیوٹیاں لگانے، گنے سے لدی گاڑیوں کی آمدورفت کے دوران ٹریفک کی روانی برقرار رکھنے اور رات کے اوقات میں بھاری گاڑیوں کی نقل و حرکت م ئوثر انداز میں مانیٹر کرنے کا حکم دیا ہے۔ محمد وقاص نذیر کا کہنا ہے کہ حادثات کی روک تھام اور انسانی جانوں کے تحفظ کے لیے ہر ممکن اقدامات کیے جا رہے ہیں۔