گڑھی شاہو پو ، 12 سالہ بچی سے زیادتی کا ملزم گرفتار

 لاہور (کرائم رپورٹر) گڑھی شاہو پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے 12 سالہ بچی سے مبینہ زیادتی کے الزام میں ملزم تہذیب کو گرفتار کر لیا۔ پولیس نے ملزم کو علامہ اقبال روڈ سے ٹریس کرکے حراست میں لیا۔ ترجمان ڈی آئی جی آپریشنز کے مطابق گرفتار ملزم متاثرہ بچی کا ہمسایہ ہے۔ ملزم پر بچی کو ورغلا کر اپنے گھر لے جانے اور مبینہ زیادتی کا نشانہ بنانے کا الزام ہے۔ ملزم کے خلاف مقدمہ درج کرکے مزید تفتیش کے لیے انویسٹی گیشن ونگ کے حوالے کر دیا گیا ہے۔ ڈی آئی جی آپریشنز فیصل کامران نے کہا کہ معصوم بچوں کا تحفظ ہماری بنیادی ذمہ داری ہے اور بچوں کے خلاف جنسی جرائم کسی صورت برداشت نہیں کیے جا سکتے۔ انہوں نے واضح کیا کہ ایسے گھنائونے جرائم میں ملوث عناصر کو کسی قسم کی رعایت نہیں دی جائے گی۔ ملزمان کی گرفتاری اور انہیں قانون کے کٹہرے میں لانے کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔