پٹرولیم مصنوعات سستی ہونے پر شہریوں کا ملا جلا ردعمل

پٹرولیم مصنوعات سستی ہونے پر شہریوں کا ملا جلا ردعمل

حکومت کی جانب سے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کے اعلان پر شہریوں کا ملا جلا ردعمل سامنے آگیا۔

 شہریوں نے پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں کمی کے فیصلے کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ اس کے ثمرات بھی براہ راست عام آدمی تک پہنچائے جائیں تاکہ مہنگائی سے پریشان عوام کو حقیقی ریلیف مل سکے۔شہریوں کا کہنا ہے کہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کے باوجود روزمرہ استعمال کی اشیائے خورونوش کی قیمتیں بدستور بلند سطح پر برقرار ہیں۔ حکومت کو چاہیے کہ مارکیٹ میں اشیائے ضروریہ کی قیمتوں کو کنٹرول کرنے کے لیے مؤثر اقدامات کرے اور سرکاری نرخ ناموں پر عمل درآمد یقینی بنائے۔شہریوں کے مطابق پٹرول کی قیمت میں کمی کا فائدہ صرف گاڑیاں استعمال کرنے والوں تک محدود نہیں رہنا چاہیے بلکہ اس کے مثبت اثرات عام صارفین کی زندگیوں میں بھی نظر آنے چاہییں۔ پٹرولیم مصنوعات سستی ہونے سے اشیاء کی ترسیل کے اخراجات میں کمی آسکتی ہے، جس کا فائدہ عوام کو قیمتوں میں کمی کی صورت میں ملنا چاہیے۔

شہریوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کے بعد پبلک ٹرانسپورٹ کے کرایوں میں بھی فوری کمی کرائی جائے۔ ان کا کہنا تھا کہ ٹرانسپورٹرز کو ایندھن سستا ہونے کا فائدہ مسافروں تک منتقل کرنا چاہیے تاکہ روزانہ سفر کرنے والے ملازمت پیشہ افراد، طلبہ اور مزدور طبقے کو ریلیف مل سکے۔عوام نے مزید مطالبہ کیا کہ آٹا، چینی، گھی، دالوں، سبزیوں، پھلوں اور دیگر بنیادی اشیائے خورونوش کی قیمتوں میں بھی نمایاں کمی لائی جائے۔ شہریوں کا کہنا تھا کہ مہنگائی نے گھریلو بجٹ کو بری طرح متاثر کر رکھا ہے اور محدود آمدنی میں ضروریات زندگی پوری کرنا مشکل ہوتا جا رہا ہے۔شہریوں کے مطابق حکومت کو صرف پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کا اعلان کرنے کے بجائے ایسے عملی اقدامات بھی کرنے چاہییں جن سے ٹرانسپورٹ کے کرایوں اور مارکیٹ میں اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں واضح کمی آئے۔