ایبٹ آباد، دریا خان، ملتان میں حادثات، 12 جاں بحق، 30 زخمی

لاہور سے مظفر گڑھ جانیوالی کار ٹینکر سے پیچھے کی جانب ٹکرا گئی،لاشیں،زخمی ہسپتال منتقل 
 ایبٹ آباد،دریا خان(آئی این پی )ایبٹ آباد، دریا خان اور ملتان میں ٹریفک حادثات کے دوران 12 افراد جاں بحق جبکہ 30 سے زائد زخمی ہوگئے۔ تفصیل کے مطابق ایبٹ آباد میںہزارہ موٹر وے پر حویلیاں کے قریب مسافربس ڈمپر سے ٹکرا گئی جس کے نتیجے میں 6 افراد جاں بحق جبکہ 12 افراد زخمی ہوگئے۔ریسکیو حکام کے مطابق مسافر بس گلگت سے راولپنڈی جا رہی تھی کہ اترائی میں ڈمپر سے ٹکرا گئی،جس کے نتیجے میں خوفناک تصادم ہوا۔ بظاہر حادثہ بس کے بریک فیل ہونے کے باعث پیش آیا تاہم حتمی وجہ جاننے کیلئے تحقیقات کی جارہی ہیں۔ریسکیو حکام کے مطابق ریسکیو آپریشن کرتے ہوئے جاں بحق افراد کو ڈی ایچ کیواسپتال جبکہ زخمیوں کو فوری طبی امداد کیلئے ایوب میڈیکل کمپلیکس روانہ کیا جاچکا ہے۔ دوسری جانب دریا خان کے علاقے ہیتو خسور روڈ پر ٹریکٹر ٹرالی الٹ گئی،جس کے نتیجے میں دو خواتین اور دو بچوں سمیت 4 افراد جاں بحق اور متعدد زخمی ہوگئے۔ریسکیو حکام کے مطابق ٹریکٹر ٹرالی پر سوار افراد ٹانک سے سرگودھا جا رہے تھے، نعشوں اور زخمیوں کو ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔اسی طرح ریسکیو 1122 ملتان کے مطابق عبدالحکیم کے قریب ایم فور موٹروے پر کار آگے جانے والے ٹینکر سے پیچھے کی جانب ٹکرا گئی، جس کے نتیجے میں 75 سالہ اسماعیل جاں بحق اور 3 افراد زخمی ہو گئے۔ریسکیو کے مطابق زخمیوں میں 48 سالہ محمد فہیم، 36 سالہ شعیب اور 22 سالہ احمد شامل ہیں۔ جاں بحق اور زخمیوں کا تعلق مظفرگڑھ سے ہے اور کار لاہور سے مظفرگڑھ جا رہی تھی۔ امدادی اہلکاروں نے زخمیوں کو ابتدائی طبی امداد فراہم کرنے کے بعد آر ایچ سی عبدالحکیم منتقل کر دیا۔علاوہ ازیں نیو کراچی میں پاور ہاس چورنگی کے قریب اسکول وین الٹنے سے 4 بچے زخمی ہو گئے۔ ریسکیو کے مطابق زخمی بچوں کو عباسی شہید اسپتال منتقل کر دیا گیا۔