اسلام آباد(آئی این پی )اراکینِ پارلیمنٹ و صوبائی اسمبلی کیلئے مالی سال 2025-26 کے اثاثہ جات و واجبات کے گوشوارے جمع کرانے کی آخری تاریخ 31 دسمبر مقررکردی گئی۔الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری بیان میں کہاگیاہے کہ مالی سال 2025-26 کے لییاراکین پارلیمنٹ وصوبائی اسمبلی اپنے، اپنی شریکِ حیات اور زیرِ کفالت بچوں کے اثاثہ جات و واجبات کے سالانہ گوشوارے، 30 جون تک جمع کروائیں،گوشوارے فارم-بی پر 31 دسمبر تک الیکشن کمیشن میں جمع کرائے جائیں۔الیکشن کمیشن کے مطابق گوشوارے جمع کروانا الیکشنز ایکٹ 2017 کی دفعہ 137 کے تحت ایک لازمی قانونی تقاضا ہے،مذکورہ قانون کے مطابق ہر رکن پر لازم ہے کہ وہ ہر سال 31 دسمبر یا اس سے قبل یہ گوشوارہ کمیشن کو جمع کرائے۔ الیکشن کمیشن کے مطابق جو اراکین مقررہ تاریخ تک گوشوارے جمع نہیں کرائیں گے، الیکشن کمیشن یکم جنوری کو ایک پریس ریلیز کے ذریعے ان کے نام شائع کرے گا،کوئی رکن 15 جنوری تک بھی گوشوارہ جمع نہیں کراتا تو کمیشن 16 جنوری کو حکم نامے کے ذریعے اس کی رکنیت معطل کر دے گا ۔ الیکشن کمیشن کے مطابق اگر کسی رکن کا جمع کرایا گیا گوشوارہ اہم معلومات کے لحاظ سے غلط ثابت ہو تو اس کے خلاف بدعنوانی کے جرم میں کارروائی کی جا سکتی ہے۔