ڈیموکریٹس ،عبدالرحمان محمد السید کی کامیابی فسطائیت وجارحیت کیخلاف عوامی فیصلہ ہے
راولپنڈی /اسلام آباد(آئی این پی) قائد ملت جعفریہ پاکستان علامہ ساجد علی نقوی کہتے ہیں کہ مسئلہ کشمیر ہی برصغیر میں بدامنی کی اساس، تقسیم برصغیر کا نامکمل ایجنڈا ہے، جب تک کشمیری مظلوموں کو حق خود ارادیت نہیں ملے گا امن قائم نہیں ہوگا، کشمیر و فلسطین کے چپے چپے پر ظلم کی داستانیں رقم ہیں، صہیونیت و ہندوتواسوچ ایک ہی سکے کے دورخ ہیں، عالمی ماحولیاتی استحصال کا دن منانے والے براہ راست انسانی استحصال کا دن منائیں،ضمنی انتخابات میں اپ سیٹ امریکی صدر و نائب صدر کے اعتراضات سامراج اور اس کے آلہ کار کیلئے نوشتہ دیوار ہے ۔ان خیالات کا اظہار قائد ملت جعفریہ پاکستان علامہ سید ساجد علی نقوی نے یوم شہدائے جموں 06نومبر1947ء کی یاد (جب مہاراجہ ہری سنگھ، بھارتی فوج اور آرایس ایس نے ظلم کی تاریک رات طاری کی)پر پیغام، ’جنگوں اور مسلح تصادم میں ماحولیات کے استحصال کے خاتمے ‘ کے یوم اور امریکی مڈٹرم الیکشن (ایوان نمائندگان، سینیٹ) پر تبصرہ کرتے ہوئے کیا۔ انہوںنے کہاکہ 27 اکتوبر 1947ء کو بھارتی افواج غیر آئینی طور پر قابض ہوئیں اور چھ نومبر 1947ء کو کشمیریوں پر ظلم کے پہاڑ توڑ دیئے گئے مگر آج بھی کشمیری عوام اپنے حق خود اردیت کیلئے طرح طرح کے مظالم کے باوجود ڈٹ کر کھڑے ہیں ، انہوں نے زور دیتے ہوئے کہاکہ برصغیر میں بدامنی کی بنیاد ہی مسئلہ کشمیر ہے جب تک کشمیری عوام کی امنگوں کے مطابق یہ مسئلہ حل نہیں ہوگا امن قائم نہیں ہوسکے گا۔ انہوںنے جنگوں، مسلح تصادم میں ماحولیات کے استحصال کے دن پر کہاکہ فلسطین میں یکطرفہ جنگ کے سبب انسانیت کا استحصال ہوگیا، جگہ جگہ وہ ظلم کی داستانیں رقم ہوئیں جن کی مثال نہیں ملتی ، اقوام متحدہ اب عالمی ماحولیاتی استحصال کی بجائے براہ راست انسانی استحصال کا دن منائے کیونکہ عملاً اقوام متحدہ مذمتی بیانات و قراردادوں سے آگے نہیں بڑھ سکا ۔انہوںنے امریکی مڈٹرم الیکشن (ایوان نمائندگان، سینیٹ) پر تبصرہ کرتے ہوئے کہاکہ امریکی صدر سمیت صہیونی لابی و بڑے سرمایہ کاروں کی مخالفت کے باوجود انتخابات میں اپپ سیٹ صرف سامراجیت و صہیونیت کیلئے نوشتہ دیوار ہے بلکہ یہ مظلوموں کی صدائوں اور شہداء کی قربانیوںکا نتیجہ ہے ۔