مظلوموں کیساتھ ہیں،بندوق کے زور پر کوئی نظریہ مسلط نہیں کیا جا سکتا:سرفراز بگٹی

 سوشل میڈیا کے ذریعے بیرون ملک بیٹھے پاکستان مخالف عناصر نوجوانوں کو گمراہ کر رہے ہیں:وزیراعلی بلوچستان کا نیشنل ورکشاپ سے خطاب
کوئٹہ(آئی این پی )وزیراعلی بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے کہا ہے ریاست مظلوموں کے ساتھ کھڑی ہے، بندوق کے زور پر کوئی نظریہ مسلط نہیں کیا جا سکتا۔19 ویں نیشنل ورکشاپ بلوچستان کے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلی میر سرفراز بگٹی نے کہا بلوچستان میں گڈ گورننس کے فروغ کیلئے سنجیدہ اقدامات جاری ہیں، محکمہ تعلیم میں اساتذہ کی بھرتیاں سو فیصد میرٹ پر ہوئیں، 3200 بند سکول فعال کئے گئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ سوشل میڈیا کے ذریعے بیرون ملک بیٹھے پاکستان مخالف عناصر نوجوانوں کو گمراہ کر رہے ہیں، بلوچستان سے متعلق غیر مستند تاریخی حوالوں سے نوجوانوں کی منفی ذہن سازی کی جا رہی ہے، نوجوان مستند تاریخ سے آگاہی حاصل کر کے سچ اور جھوٹ میں واضح فرق کریں۔ان کا کہنا تھا کہ نوجوان پاکستان کی امید ہیں، سوشل میڈیا سمیت ہر محاذ پر ریاست کا دفاع کریں، تشدد پر مبنی کارروائیوں اور رویوں کا غیر متوازن ترقی سے کوئی تعلق نہیں۔وزیر اعلی بلوچستان نے کہا کہ ریاست مظلوموں کے ساتھ کھڑی ہے، بندوق کے زور پر کوئی نظریہ مسلط نہیں کیا جا سکتا، آئین کا آرٹیکل 5 ریاست سے غیر مشروط وفاداری کا درس دیتا ہے، دہشت گردی کے خلاف جنگ میں ہم متاثرہ فریق ہیں، ریاست کے ساتھ کھڑا تھا اور کھڑا رہوں گا۔