ٹی ڈی اے پی کو جدید بنانے کی منظوری ڈیجیٹل ادائیگیوں کے نظام میں صارفین کے مسائل فوری حل کئے جائیں شہبازشریف

 100فیصد ڈیجیٹل ادائیگیوں کیلئے ٹائم لائن مقرر کرنے کرنے کی ہدایت‘کیش لیس معیشت حکومت کی اہم ترجیحات میں شامل ہے ‘بجلی اورگیس  بلوں پر درج کیو آر کوڈ سے ادائیگیوں کیلئے مؤثر میڈیامہم چلائی جائے
 برآمدات میں اضافے کیلئے صنعتوں میں تیارکردہ مصنوعات کی عالمی منڈیوں تک رسائی کلیدی اہمیت کی حامل ہے، جدید خطور پر استوار ٹی ڈی اے پی اس کی راہ ہمور کرے گا: وزیراعظم کی اجلاسوں میں گفتگو
اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک‘آئی این پی)وزیراعظم شہبازشریف کی زیر صدارت کیش لیس معیشت کے فروغ کے حوالے سے اہم اجلاس ہوا ‘وزیراعظم نے گفتگو کرتے ہوئے کہا  کیش لیس معیشت حکومت کی اہم ترجیحات میں شامل ہے اور اس کے مثبت نتائج سامنے آنا شروع ہو گئے ہیں۔ 100فیصد ڈیجیٹل ادائیگیوں کیلئے ٹائم لائن مقرر کرنے کی   ہدایت کی اور کہا   ڈیجیٹل ادائیگیوں کے نظام میں صارفین کے مسائل فوری حل کیے جائیں۔انہوں نے کیش لیس معیشت کیلئے انٹرنیٹ فراہمی،ٹیکنالوجی تک عوام کی آسان رسائی یقینی بنانے کی ہدایت کی اور کہا کہ  راست ڈیجیٹل ادائیگیوں کے فروغ کی سکیم حکومتی سرپرستی میں جاری رکھی جائے۔شہبازشریف نے بجلی اورگیس کے بلوں پر درج کیو آر کوڈ سے ادائیگیوں کیلئے مؤثر میڈیامہم چلانے ، تمام وزارتوں اور سرکاری اداروں کو کیش لیس معیشت کے منصوبے پر مکمل عملدرآمد کی ہدایت کی۔دریں اثناء وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف نے پاکستانی برآمدات کے فروغ، پاکستانی مصنوعات کی عالمی منڈیوں تک رسائی میں اضافے اور چھوٹے و درمیانے درجے کے کاروبار سمیت مقامی صنعتوں کو برآمدتی معیار سے ہم آہنگ کرنے کیلئے  ٹریڈ ڈویلپمنٹ اتھارٹی آف پاکستان (ٹی ڈی اے پی) کو جدید خطوط پر استوار کرنے کی منظوری دے دی۔وزیرِ اعظم شہباز شریف کی زیر صدارت ٹی ڈی اے پی کی کارکردگی اور اصلاحات کے حوالے سے جائزہ اجلاس  اسلام آباد میں منعقد ہوا۔اس موقع پر وزیراعظم کا کہنا تھا کہ برآمدات میں اضافے کیلئے صنعتوں میں تیارکردہ مصنوعات کی عالمی منڈیوں تک رسائی کلیدی اہمیت کی حامل ہے، جدید خطور پر استوار ٹی ڈی اے پی اسکی راہ ہمور کرے گا۔ زرعی مصنوعات کی برآمد کا پورا ایکو سسٹم بشمول پوری ویلیو چین بنائی جائے گی۔انہوں نے ہدایت کی شفاف طریقے سے میرٹ پر اچھی تربیت یافتہ افرادی قوت کو ٹی ڈی اے پی کا حصہ بنایا جائے۔وزیراعظم نے کہا کہ اصلاحات تب ہی ممکن ہیں جب اداروں میں ترقی کو اہداف کے حصول اور کارکردگی سے مشروط کیا جائے، ادارے کے پرفارمنس اور فنائنشل آڈٹ کے لئے  اچھی شہرت یافتہ نجی آڈٹ فرم کی خدمات لی جائیں