پاکستانی باکسر فاطمہ زہرا نے اسلامک سالیڈیریٹی گیمز میں تاریخ رقم کردی، اور پاکستان کے لیے پہلا میڈل حاصل کرنے کے قریب پہنچ گئیں۔
60 کلوگرام باکسنگ کیٹیگری میں سیمی فائنل میں جگہ بنا کر فاطمہ نے ایونٹ میں پاکستان کا پرچم بلند کیا۔ انہوں نے کوارٹر فائنل میں الجیریا کی حریف کے خلاف پانچ صفر سے کامیابی حاصل کی۔پاکستان باکسنگ فیڈریشن کے صدر خالد محمود اور سیکرٹری ناصر اعجاز ٹنگ نے فاطمہ زہرا کی شاندار پرفارمنس پر خوشی کا اظہار کیا اور امید ظاہر کی کہ وہ سیمی فائنل میں بھی فتح حاصل کریں گی۔اسلامک گیمز میں پاکستان کا نمائندہ دستہ نو کھیلوں میں حصہ لے رہا ہے، اور باکسنگ قوانین کے مطابق سیمی فائنل میں رسائی پانے والے باکسرز برانز میڈل کے مستحق ہوتے ہیں۔