گلاسگو میں منعقدہ کامن ویلتھ گیمز 2026 کے اختتام کے بعد پاکستانی باکسر سمیت مختلف ممالک کے کئی ایتھلیٹس کے لاپتہ ہونے کی اطلاعات سامنے آئی ہیں، جس پر اسکاٹ لینڈ پولیس نے تحقیقات شروع کر دی ہیں۔
پولیس کے مطابق چند کھلاڑی اپنی ٹیموں کے ہمراہ وطن واپس نہیں گئے، جن کے بارے میں معلومات اکٹھی کی جا رہی ہیں جبکہ اس معاملے پر برطانوی ہوم آفس سے بھی رابطہ کیا گیا ہے۔رپورٹس کے مطابق یوگنڈا کی باکسنگ ٹیم کے چار اراکین بھی مقررہ پرواز پر سوار نہیں ہوئے۔ مقامی میڈیا کے مطابق ان میں سے ایک باکسر نے اسکاٹ لینڈ میں رہ کر بہتر تربیتی سہولیات اور کھیل کے مزید مواقع حاصل کرنے کی خواہش ظاہر کی۔دوسری جانب دعویٰ کیا جا رہا ہے کہ پاکستانی باکسر قدرت اللہ بھی ٹیم کے ہمراہ پاکستان واپس نہیں گئے۔ ٹیم حکام کے مطابق تلاش کے دوران وہ اپنے کمرے میں موجود نہیں تھے۔کامن ویلتھ گیمز انتظامیہ کا کہنا ہے کہ ہزاروں ایتھلیٹس کی محفوظ واپسی کے لیے پولیس، بارڈر فورس اور امیگریشن حکام کے ساتھ مل کر اقدامات کیے جا رہے ہیں۔