ویب ڈیسک:اسرائیلی وزیر دفاع یواو گیلنٹ کی برطرفی کے بعد اسرائیل کے مختلف شہروں میں احتجاجی مظاہرے شروع ہو گئے ہیں۔
تل ابیب، نہاریہ، حیفا، اور مقبوضہ بیت المقدس سمیت کئی شہروں میں ہزاروں افراد نے سڑکوں پر آ کر وزیراعظم نیتن یاہو کے خلاف نعرے بازی کی اور جلاؤ گھیراؤ کیا۔ مظاہرین کا کہنا تھا کہ انہیں ایران یا حزب اللہ سے نہیں، بلکہ اپنی حکومت سے خطرہ ہے۔اسرائیلی پولیس نے مظاہروں کو روکنے کے لیے واٹر کینن کا استعمال کیا اور 40 افراد کو گرفتار کر لیا۔ اسرائیلی وزیراعظم بن یامین نیتن یاہو نے گیلنٹ کو جنگ کے دوران برطرف کیا تھا اور ان کی جگہ وزیر خارجہ اسرائیل کاٹز کو وزیر دفاع مقرر کر دیا گیا ہے۔ نیتن یاہو نے کہا کہ گیلنٹ کے ساتھ اعتماد میں کمی آئی تھی، جس کے نتیجے میں انہیں برطرف کیا گیا۔ یہ مظاہرے حکومت کے خلاف عوامی عدم اطمینان اور داخلی کشیدگی کو ظاہر کرتے ہیں، خاص طور پر جب اسرائیل جنگی حالات میں ہے۔