اسلام آباد(آئی این پی)اسلام آباد ہائی کورٹ نے بیرون ملک گئے پی ٹی آئی ایم این اے مبین عارف جٹ کی دو مختلف کیسز میں حفاظتی ضمانت منظور کر لی۔ہائی کورٹ نے مبین عارف جٹ کی ایئرپورٹ پر گرفتاری سے روکتے ہوئے پی ٹی آئی ایم این اے کو 11نومبر تک عدالت میں سرنڈر کرنے کا حکم دیا۔عدالت نے حکم دیا کہ 11نومبر کو اس عدالت میں پیش ہوں پھر متعلقہ عدالت میں پیشی کے لیے حفاظتی ضمانت دیں گے۔مبین عارف جٹ کے خلاف گوجرانوالہ میں دو مقدمات درج ہیں۔ مبین عارف جٹ کی جانب سے وکیل آمنہ علی ایڈووکیٹ اور رضوان اختر ایڈووکیٹ عدالت میں پیش ہوئے۔جسٹس طارق محمود جہانگیری نے 50ہزار جبکہ جسٹس محسن اختر کیانی نے 20ہزار روپے کے مچلکے جمع کروانے کا حکم دیا۔واضح رہے کہ پی ٹی آئی ایم این اے مبین عارف جٹ اس وقت بیرون ملک ہیں۔