ڈی جی آئی ایس پی آر لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری کا کہنا ہے کہ معرکۂ حق میں اللّٰہ کے فضل سے اپنے سے کئی گنا بڑے دشمن کو شکست دی۔
مسلح افواج کی کارکردگی پر بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ معرکۂ حق کو ایک سال مکمل ہونے پر پاک فضائیہ اور بحریہ کے افسران کے ہمراہ پریس کانفرنس کی، جس میں انہوں نے اس کامیابی کو قوم کی امنگوں پر پورا اترنا قرار دیا۔ لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری کا کہنا تھا کہ ملٹی ڈومین وار میں پاکستان نے اپنے سے 5 گنا بڑے دشمن کو شکست دی، اور یہ حقیقت پاکستانی اور ہندوستانی بچے بھی جانتے ہیں، لیکن بعض لوگ اسے تسلیم نہیں کرتے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ بھارت نے دہشت گردی کے بیانیے کو مکاری سے پروان چڑھایا، مگر حقیقت یہ ہے کہ بھارت خود دہشت گردی میں ملوث ہے اور دنیا اس کے جھوٹ پر کان دھرنے کے لیے تیار نہیں ہے۔
ترجمان پاک فوج نے کہا کہ پہلگام واقعہ کو ایک سال گزر گیا ہے، مگر پاکستان کے اٹھائے گئے سوالات اب بھی ویسے کے ویسے ہیں۔ انہوں نے پوچھا کہ وہ کون لوگ تھے جنہوں نے یہ کارروائی کی، اور بھارت سے سوال کیا کہ کس دہشت گرد کیمپ کو نشانہ بنایا گیا؟ انہوں نے یہ بھی واضح کیا کہ کشمیر بھارت کا حصہ نہیں بلکہ ایک بین الاقوامی تسلیم شدہ تنازع ہے، اور بھارت کو نصیحت کی کہ سچ بولنا سیکھے۔