ڈپٹی کمشنرز کو سڑکوں کی روڈ انجینئرنگ اور روڈ مارکنگ میں بہتری کے لیے تجاویز پیش کریں
لاہور(کرائم رپورٹر)ڈی آئی جی ٹریفک پنجاب محمد وقاص نذیر نے صوبہ بھر میں محفوظ پنجاب کے مشن کو مزید مؤثر بنانے کے لیے ٹریفک اصلاحات تیز کرنے کی ہدایات جاری کر دیں۔ترجمان کے مطابق ڈی آئی جی ٹریفک نے تمام چیف ٹریفک آفیسرز (سی ٹی اوز) اور ڈسٹرکٹ ٹریفک آفیسرز (ڈی ٹی اوز) کو ضلعی انتظامیہ کے ساتھ فوری اور مؤثر تعاون کی ہدایت کی ہے۔ اس سلسلے میں افسران کو ڈپٹی کمشنرز سے ملاقات کر کے ٹریفک امور پر تفصیلی بریفنگ دینے کا حکم بھی دیا گیا ہے۔محمد وقاص نذیر نے ہدایت کی کہ ٹریفک افسران ڈپٹی کمشنرز کو سڑکوں کی روڈ انجینئرنگ اور روڈ مارکنگ میں بہتری کے لیے تجاویز پیش کریں۔ انہوں نے زور دیا کہ سڑکوں پر روڈ مارکنگ، زیبرا کراسنگ اور سائن بورڈز کی تنصیب کو ہر صورت یقینی بنایا جائے۔ڈی آئی جی ٹریفک کا کہنا تھا کہ ٹریفک کی روانی کو بہتر بنانے اور حادثات کی روک تھام کے لیے روڈ انفراسٹرکچر کی اپ گریڈیشن ناگزیر ہے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ سڑکوں سے ہر قسم کی رکاوٹیں ہٹا کر شہریوں کے لیے محفوظ سفر کو یقینی بنایا جائے۔انہوں نے مزید کہا کہ منظم ٹریفک کے قیام کے لیے معیاری روڈ مارکنگ بنیادی حیثیت رکھتی ہے، جبکہ شہریوں کو محفوظ اور باعزت سفر کی فراہمی ٹریفک پولیس کی اولین ترجیح ہے۔ڈی آئی جی ٹریفک پنجاب محمد وقاص نذیر نے اس عزم کا اظہار کیا کہ ٹریفک پولیس انسانی جانوں کے تحفظ کے لیے ہر ممکن اقدامات جاری رکھے گی۔