خیبرپختونخوا میں شدید گرمی کی شدت میں اضافے کا خدشہ، پی ڈی ایم اے کی جانب سے ہنگامی الرٹ جاری

خیبرپختونخوا میں شدید گرمی کی شدت میں اضافے کا خدشہ، پی ڈی ایم اے کی جانب سے ہنگامی الرٹ جاری

خیبرپختونخوا کے میدانی علاقوں میں 8 سے 10 مئی کے دوران شدید گرمی کی لہر آنے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے، جس کے پیش نظر پی ڈی ایم اے نے ہنگامی الرٹ جاری کیا ہے۔  
پی ڈی ایم اے کے مراسلے کے مطابق، ڈی آئی خان، ٹانک، بنوں، کرک اور لکی مروت میں دن کے اوقات میں درجہ حرارت 43 سے 47 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچنے کا امکان ہے۔  
اسی طرح، پشاور، نوشہرہ، چارسدہ، مردان، صوابی، ہری پور اور کوہاٹ میں درجہ حرارت 39 سے 43 ڈگری سینٹی گریڈ تک بڑھنے کی پیشگوئی کی گئی ہے۔  پی ڈی ایم اے کے مطابق، صوبے کے جنوبی اور وسطی علاقوں میں گرمی کی شدت برقرار رہے گی، جس کے باعث ہیٹ اسٹروک اور دیگر طبی مسائل کا خدشہ ہے۔  اس صورتحال کے پیش نظر، تمام ضلعی انتظامیہ کو پیشگی اقدامات یقینی بنانے کی ہدایت دی گئی ہے۔  
ادارے نے متعلقہ محکموں کو ہدایت کی ہے کہ ہیٹ اسٹروک سینٹرز، کولنگ پوائنٹس اور موبائل کولنگ یونٹس قائم کیے جائیں تاکہ شہریوں کو فوری ریلیف فراہم کیا جا سکے۔  مزید برآں، ریسکیو 1122 اور فائر بریگیڈ کو کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے الرٹ رہنے کا حکم دیا گیا ہے، اور سرکاری ہسپتالوں میں طبی عملہ اور ضروری سہولیات کو مکمل فعال رکھنے کی ہدایت دی گئی ہے۔  پی ڈی ایم اے نے شہریوں سے کہا ہے کہ وہ غیر ضروری طور پر دھوپ میں نکلنے سے گریز کریں، زیادہ پانی استعمال کریں اور بچوں، بزرگوں اور بیمار افراد کا خاص خیال رکھیں تاکہ گرمی سے پیدا ہونے والی کسی بھی مشکل سے بچا جا سکے۔