تفریحی سرگرمیوں اور واٹر اسپورٹس کے فروغ سے مقامی معیشت کو تقویت ملے گی، محسن نقوی
اسلام آباد (آن لائن) وزیر داخلہ محسن نقوی نے سملی ڈیم کا تفصیلی دورہ کیا، جہاں انہیں ڈیم کی موجودہ صورتحال اور مجوزہ توسیعی منصوبے پر بریفنگ دی گئی۔ حکام کے مطابق سملی ڈیم اس وقت وفاقی دارالحکومت کو تقریباً 40 فیصد پانی فراہم کر رہا ہے۔دورے کے دوران وزیر داخلہ نے ڈیم کی گنجائش بڑھانے کے لیے فوری طور پر قابلِ عمل اور جامع منصوبہ پیش کرنے کی ہدایت کی۔ ان کا کہنا تھا کہ ڈیم کی توسیع سے اسلام آباد میں پانی کی قلت پر قابو پانے میں مدد ملے گی اور شہریوں کو وافر مقدار میں پانی کی فراہمی یقینی بنائی جا سکے گی۔ محسن نقوی نے ڈیم کے اطراف کے علاقوں کا بھی جائزہ لیا اور وہاں سیاحت و تفریح کے فروغ کے لیے مربوط حکمت عملی تیار کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ سملی ڈیم سے ملحقہ علاقے میں واٹر اسپورٹس اور دیگر تفریحی سرگرمیوں کے بے شمار مواقع موجود ہیں، جنہیں بروئے کار لا کر نہ صرف علاقے کی ترقی ممکن ہے بلکہ مقامی افراد کے لیے روزگار کے نئے مواقع بھی پیدا کیے جا سکتے ہیں۔انہوں نے مزید ہدایت کی کہ تفریحی سہولیات کو عالمی معیار کے مطابق ترقی دی جائے تاکہ شہریوں کو بہتر ماحول میسر آ سکے۔ اس موقع پر سی ڈی اے کے چیئرمین، اسلام آباد پولیس کے آئی جی اور دیگر متعلقہ حکام بھی موجود تھے