پنجاب لائف انشورنس کمپنی کفیل فیملی ممبرز، خواتین، خواجہ سرا، کسانوں، طلبہ اور اوورسیز پاکستانیوں کیلئے خصوصی انشورنس پلانز متعارف کریگی
اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے پنجاب کی ترقی کا سنہرا دور شروع ہوچکا ہے: وزیراعلیٰ کی گفتگو ‘ارکان اسمبلی کی ملاقات‘ترقیاتی منصوبوں کو سراہا
لاہور(سپیشل رپورٹر)وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کی قیادت میں جنرل انشورنس کمپنی متعارف کروانے والا پنجاب ملک کا پہلا صوبہ بن گیا ہے۔ پنجاب لائف انشورنس کمپنی نے ایس ای سی پی سے ملکی تاریخ کی تیز ترین رجسٹریشن کا اعزاز بھی حاصل کر لیا۔ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کی زیر صدارت اجلاس میں بتایا گیا کہ پنجاب لائف انشورنس کمپنی خصوصی انشورنس پلانز کے ذریعے پنجاب کے ہر طبقہ فکر اور ہر معاشی سطح کے شہری کو تحفظ فراہم کرے گی۔ پنجاب لائف انشورنس کمپنی کفیل فیملی ممبرز، خواتین، خواجہ سرا، کسانوں، طلبہ اور اوورسیز پاکستانیوں کے لیے خصوصی انشورنس پلانز متعارف کرے گی۔ قدرتی آفات، پنشن پروڈکٹس،مستحقین کے لیے ہیلتھ انشورنس اور شریعہ کمپلائنٹ 'تکافل' کے ذریعے ہر طبقے کو مالی تحفظ فراہم کیا جائے گا۔اجلاس میں مزید بتایا گیا کہ پنجاب لائف انشورنس کمپنی کے لیے 17 پیشہ ور ماہرین کی بھرتی مکمل کر لیا گیا ہے۔ پنجاب لائف انشورنس کمپنی نے مالی معاونت مکمل کرکے آپریشن شروع کر دیا ہے۔ پنجاب لائف انشورنس کمپنی کے سی ای او (CEO) ہی پنجاب جنرل انشورنس کمپنی کے سی ای او کے طور پر خدمات سرانجام دیں گے۔ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کی زیرِ صدارت پنجاب جنرل انشورنس کمپنی کے قیام کے حوالے سے اجلاس میں پنجاب لائف انشورنس کمپنی اور پنجاب جنرل انشورنس کمپنی کے امور پر تفصیلی بریفنگ دی گئی‘ نے انفراسٹرکچر اور وسائل کی فراہمی کو یقینی بنانے کی ہدایت اور کہا کہ پنجاب اصلاحات پہلے بھی آگے تھا،آج بھی آگے ہے اور ان شا اللہ ہمیشہ آگے رہے گا۔ ایسی ہیلتھ انشورنس پالیسی لائیں گے کہ جس کا جہاں سے دل کرے، اپنا علاج کروا سکے۔دریں اثناء وزیراعلیٰ مریم نوازسے ارکان صوبائی اسمبلی نے ملاقات کی ہے۔ ارکان اسمبلی نے صوبے بھر میں جاری ڈویلپمنٹ اور بیوٹیفکیشن پراجیکٹس کو سراہا۔ ارکان اسمبلی نے سڑکوں اور گلیوں کی تعمیر وتوسیع، ڈرینج اور صاف پانی کی فراہمی کے مثالی گاؤں پراجیکٹس پر وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کو خراج تحسین پیش کیا۔ ارکان اسمبلی نے پہلی مرتبہ شہروں کی طرح دیہات میں بھی ستھرا پنجاب کے تحت صفائی کا مربوط نظام لانے پر مسرت کا اظہا رکیا۔