اسلام آباد:چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے بھارتی جارحیت پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ ہم نے بھارتی طیاروں کو ایسے گرایا جیسے مچھر ہوں، اور اگر بھارت مزید حملہ کرے گا تو ہم اور جہاز گرائیں گے۔
قومی اسمبلی میں اظہار خیال کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ یہ پرانا دور نہیں ہے کہ پاکستان کو دہشت گرد ملک کہا جائے اور دنیا مان لے۔ انہوں نے مزید کہا کہ دو ہفتے تک بھارت پاکستان پر الزام عائد کرتا رہا، لیکن جب پاکستان نے تحقیقات کی پیشکش کی، بھارت نے پیشکش کو مسترد کر دیا اور نہ ہی حملے کے ثبوت فراہم کیے۔بلاول بھٹو زرداری نے بھارت کو بزدلانہ کارروائی کا مرتکب قرار دیتے ہوئے کہا کہ بھارت نے رات کے اندھیرے میں حملہ کیا، اور رات کے اندھیرے میں چور اور بزدل ہی حملہ کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بھارت نے نہتے بچوں کو نشانہ بنایا، اور پاکستان نے ان کے پانچ جہاز گرائے، جیسے وہ مچھر ہوں۔ بلاول نے واضح کیا کہ اگر بھارت مزید حملہ کرے گا تو ہم ان کے اور جہاز گرائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ بھارت اپنی انا کی وجہ سے اس جنگ میں ملوث ہے، لیکن پاکستان کی غیور عوام بھارت کی آنکھیں کھول دیں گے۔ بلاول نے مزید کہا کہ پاکستان جنگ کے حق میں نہیں ہے، لیکن جب دشمن نے پاکستان پر حملہ کیا ہے اور نہتے عوام کو نشانہ بنایا ہے تو ہم جواب دینے کا حق رکھتے ہیں۔بلاول نے اس بات کو بھی دہرایا کہ یو این او کے قوانین کے مطابق پاکستان کو حملے کا جواب دینے کا حق ہے اور پیپلز پارٹی حکومت اور افواج پاکستان کے ساتھ کھڑی ہے۔