اگر فورسز کو تحمل کا نہ کہا جاتا تو بھارت کے 15 طیارے گرتے، ایک گھنٹہ جنگ جاری رہی:اسحاق ڈار

اگر فورسز کو تحمل کا نہ کہا جاتا تو بھارت کے 15 طیارے گرتے، ایک گھنٹہ جنگ جاری رہی:اسحاق ڈار

اسلام آباد:ڈپٹی وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے انکشاف کیا ہے کہ بھارت کی جانب سے کی گئی جارحیت کے جواب میں پاکستان نے موثر اور فیصلہ کن کارروائی کی، جس کے نتیجے میں بھارت کے پانچ جنگی طیارے تباہ کیے گئے۔

پارلیمنٹ میں خطاب کرتے ہوئے اسحاق ڈار نے کہا کہ بھارتی فضائیہ کے 75 سے 80 جنگی طیاروں نے سرحد پر حملے کی کوشش کی، جس کے جواب میں ایک گھنٹے تک سرحد پر باقاعدہ جنگ جاری رہی۔ پاکستانی فضائیہ نے فوری اور بھرپور جواب دیا۔انہوں نے بتایا کہ جن بھارتی طیاروں نے پاکستانی علاقے میں حملہ کیا، ان کو ہدف بنایا گیا، جس کے نتیجے میں تین جنگی طیارے اور دو بغیر پائلٹ کے ہیلی کاپٹرز تباہ کیے گئے۔اسحاق ڈار نے کہا کہ مسلح افواج کی مستعدی اور موثر ردعمل پر پوری قوم انہیں خراج تحسین پیش کرتی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کو اس جارحیت کے بارے میں آگاہ کر دیا گیا ہے، جبکہ اسپین کے وزیر خارجہ اور او آئی سی کو بھی صورتحال سے باخبر کیا گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہم نے جنگ شروع نہیں کی، لیکن دشمن کی ہر جارحیت کا منہ توڑ جواب دیں گے۔ اگر ہماری افواج کو تحمل کی ہدایت نہ دی گئی ہوتی تو 15 بھارتی طیارے تباہ ہوتے۔انہوں نے واضح کیا کہ نیلم جہلم منصوبے کو نشانہ بنانا بھارت کی دوہری مجرمانہ حرکت ہے، اور دشمن کو یہ واضح پیغام ہے کہ پاکستان کا دفاع ناقابل تسخیر ہے۔