اسلام آباد: وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے بھارت کی جانب سے پاکستان پر کیے گئے بلا اشتعال حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ شہیدوں کے خون کے ہر قطرے کا بدلہ لیا جائے گا۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ گزشتہ رات بھارت کے وحشیانہ حملے میں 26 معصوم پاکستانی شہید ہوئے، جس پر پاکستان سوگوار ہے۔محسن نقوی نے مزید کہا کہ یہ دل دہلا دینے والا سانحہ ہے، اور ہم اس حملے کو کبھی نہیں بھولیں گے۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پاکستان کا حوصلہ ناقابلِ شکست ہے اور ہم دشمن کو بھرپور جواب دینے کے لیے تیار ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ہمارے حوصلے بلند ہیں، اور ہمارا جواب فیصلہ کن ہوگا۔وزیر داخلہ نے کہا کہ ملک کے دفاع کے لیے کوئی کسر نہیں چھوڑی جائے گی اور جو لوگ پاکستان کی خودمختاری اور عوام پر حملہ آور ہوں گے، انہیں حساب دینا ہوگا۔