خیبر پختونخوا میں 50لاکھ بچوں کے سکول نہ جانے کا انکشاف

 پشاور میں 8 لاکھ سے زیادہ،کولئی پالس کوہستان میں 80ہزار333بچے سکولوں سے باہرہیں
لوئرکوہستان اور اپرکوہستان میں 79فیصد ، اپرچترال میں صرف 10فیصد بچے سکولوں سے باہر ہیں
پشاور(آئی این پی ) خیبر پختونخوا میں تقریباً 50لاکھ بچوں کے سکول نہ جانے کا انکشاف ہوا ہے۔ صوبائی محکمہ تعلیم کی جانب سے سکولوں سے باہر بچوں سے متعلق رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ صوبے میں 37فیصد بچے تعلیم سے محروم ہیں جن کی تعداد 49لاکھ 20ہزارہے۔دستاویز میں بتایا گیا ہے کہ پشاور میں 8 لاکھ سے زیادہ بچے سکولوں سے باہر ہیں جب کہ کولئی پالس کوہستان میں تناسب کے حساب سے سب سے زیادہ 80ہزار333بچے سکولوں سے باہر ہیں۔ محکمہ تعلیم کے مطابق لوئرکوہستان اور اپرکوہستان میں 79فیصد بچے سکول سے باہر ہیں جب کہ اپرچترال میں سب سے کم 10فیصد بچے سکولوں سے باہر ہیں۔اس حوالے سے وزیر تعلیم کے پی فیصل ترکئی کا کہنا ہے کہ 48لاکھ سے زائد بچے اوربچیاں سکول سے باہر ہیں، حکومت بچوں اوربچیوں کو سکولوں میں لانے کی کوشش کر رہی ہے۔ رواں سال 10لاکھ بچوں کوسکولوں میں داخل کرنیکا ہدف مقررکیا ہے۔