استنبول(آن لائن )سینیٹ میں مسلم لیگ (ن) کے پارلیمانی پارٹی لیڈر اور خارجہ امور کی قائمہ کمیٹی کے چیئرمین سینیٹر عرفان صدیقی نے کہا ہے کہ پاکستان اور ترکیہ کے درمیان صدیوں پر محیط اخوت اور بھائی چارے کے اٹوٹ رشتے استوار ہیں، ایک پاکستانی مرد آہن عبدالرحمن پشاوری اس برادرانہ تعلق کی روشن مثال ہے جس نے انگریز سامراج کے خلاف ترکوں کی آزادی کی جنگ میں داد شجاعت دی اور ترک قوم کا ہیرو بن گیا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پشاور سے تعلق رکھنے والے پاکستانی عبد الرحمٰن پشاوری کی سو سالہ برسی کے موقع پر منعقدہ خصوصی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ سینیٹر عرفان صدیقی کو عبدالرحمن پشاوری کی صد سالہ تقریب کے موقع پر ترک حکومت اور استنبول یونی ورسٹی نے خاص طور مدعو کیا ہے۔