گوجرانوالہ ،مقابلوں میں اے این ایف ، پو لیس کے 2 اہلکار شہید ،دوملزم ہلاک

گوجرانوالہ،نوشہرہ ورکاں (خصوصی رپورٹ ) پولیس مقابلوں کے دوران 2 اہلکار شہید ،خاتون اہلکار سمیت 3 زخمی ہو گئے جبکہ دو منشیات سمگلر مارے گئے۔ تھانہ تتلے عالی کے علاقہ شیخوپورہ ٹول پلازہ کے قریب اینٹی نارکوٹکس فورس نے مشکوک گاڑی کو روکنے کی کوشش کی اور گاڑی میں سوار منشیات سمگلرز نے ٹیم پر فائرنگ کر دی اور فرار ہو گئے۔ اطلاع ملنے پر تھانہ تتلے عالی پولیس موقع پر پہنچ گئی اور اے این ایف ٹیم کے ہمراہ ملزموں کا تعاقب شروع کر دیا۔تعاقب کے دوران فائرنگ سے اے این ایف کا ڈرائیور کانسٹیبل علی فیصل شہید جبکہ لیڈی کانسٹیبل سعدیہ مشتاق شدید زخمی ہو گئیں۔ بعد ازاں ملزم کلے والہ شیخوپورہ روڈ کے قریب گاڑی چھوڑ کر جھاڑیوں میں چھپ گئے اور پولیس پر فائرنگ کرتے رہے۔ فائرنگ رکنے کے بعد پولیس نے سرچ آپریشن کیا تو دو منشیات فروش مردہ حالت میں پائے گئے۔ ہلاک ملزموں کی شناخت محمد اویس اور نور خان کے نام سے ہوئی۔پولیس کے مطابق ملزموں کی گاڑی سے 81 کلو 600 گرام چرس اور 19 کلو 200 گرام افیون برآمد کر لی گئی ۔دوسری جانب تھانہ سٹی کامونکے کے علاقہ میں خطرناک ڈاکوئوں کی گرفتاری کے لئے پولیس نے چھاپہ مارا تو ملزموں نے پولیس پارٹی پر فائرنگ کر دی۔فائرنگ کے نتیجے میں کانسٹیبل اکرام الحق شہید جبکہ عمران حیدر اور اکرام بٹ زخمی ہو گئے۔ زخمی اہلکاروں کو فوری طور پر ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔