کچہری میں پولیس ٹیم پر حملہ

منشیات کے مقدمہ کے ملزم کو عدالت میں پیشی کے لیے لاتے وقت وکلا کی وردی میں ملبوس افراد نے تشدد کیا 
لاہور(کرائم رپورٹر)ماڈل ٹائون کچہری میں ایک منشیات کے مقدمہ کے ملزم کو عدالت میں پیشی کے لیے لاتے وقت وکلا کی وردی میں ملبوس افراد نے پولیس ٹیم پر حملہ کر دیا اور اہلکاروں پر تشدد کیا۔پولیس کے مطابق واقعہ کے خلاف تھانہ نصیر آباد میں مقدمہ نمبر 276/26 درج کر لیا گیا ہے فوری کارروائی کرتے ہوئے نامزد ملزم شہباز کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔ترجمان ڈی آئی جی آپریشنز کے مطابق گرفتار ملزم کی نشاندہی پر دیگر ملزمان کی گرفتاری کے لیے کارروائیاں جاری ہیں اور واقعہ میں ملوث تمام افراد کو جلد گرفتار کر کے قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گاڈی آئی جی آپریشنز فیصل کامران نے کہا ہے کہ پولیس پر حملہ کرنے والے عناصر کو ہر صورت گرفتار کیا جائے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ شہر میں قانون کی عملداری کو یقینی بنانا پولیس کی اولین ترجیح ہے۔