اَپر کوہستان مالیاتی سکینڈل، گرفتار نجی کمپنی مالک نیب کے حوالے

پشاور(آن لائن)احتساب عدالت پشاورنے اَپر کوہستان مالیاتی اسکینڈل میں گرفتار نجی کمپنی کے مالک کو مزید سات روزہ جسمانی ریمانڈ پر نیب کے حوالے کردیا۔احتساب جج محمد ظفر نے اپر کوہستان مالیاتی اسکینڈل کی سماعت کی، نجی کمپنی کے مالک ملزم شیر علی کو عدالت میں پیش کیا گیا، اسپیشل پبلک پراسیکیوٹر مانک شاہ اور تفتیشی افسر عنایت اللہ بھی عدالت میں پیش ہوئے۔نیب پراسیکیوٹر نے عدالت میں بتایا کہ ملزم شیر علی ایک نجی انٹرپرائز کمپنی کا مالک ہے، ملزم کے اکاؤنٹ میں 46 ملین روپے کی ٹرانزیکشن مرکزی ملزم قیصر اقبال کی اکاؤنٹ سے ہوئی، ملزم کے ریکارڈ سے پتہ چلا کہ مذکورہ پیسے ملزم نے آگے منتقل کیے ہیں۔ نیب پراسیکیوٹر کے مطابق ملزم نے 13 ملین روپے اپنے پاس  رکھے جبکہ باقی دو ملزمان ممتاز اور انور علی کے اکاؤنٹ میں منتقل کیے ہیں