مفاد عامہ کی سکیموں میں وسائل کی کمی کو آڑے نہیں آنے دیں گے:شافع حسین

گجرات میں نئے ہسپتال بن رہے ہیں،تعلیمی اداروں کو اپ گریڈ کیا جارہا ہے:صوبائی وزیر
لاہو ر(سپیشل رپورٹر )صوبائی وزیر صنعت و تجارت چوہدری شافع حسین نے کہاہے کہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے گزشتہ دو سال کی مدت میں ریکارڈ ترقیاتی منصوبے مکمل کئے ہیں،حکومت کے بے مثال فلاحی پروگراموں سے عوام کی بڑی تعداد مستفید ہو رہی ہے۔وزیر اعلیٰ پنجاب کے فراہم کردہ فنڈز سے گجرات میں بھی ریکارڈ ترقیاتی سکیموں پر کام جاری ہے۔مفاد عامہ کی سکیموں کیلئے کثیر فنڈز کی فراہمی پر وزیر اعلیٰ پنجاب کا مشکور ہوں۔ان خیالات کا اظہار صوبائی وزیر صنعت و تجارت چوہدری شافع حسین نے ڈپٹی کمشنر آفس گجرات میں بریفنگ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہاکہ گجرات میں نئے ہسپتال بن رہے ہیں اور تعلیمی اداروں کو اپ گریڈ کیا جارہا ہے صوبائی وزیر صنعت و تجارت چوہدری شافع حسین نے بعد ازاں عزیز بھیٹی شہید ٹیچنگ ہسپتال کا بھی دورہ کیا۔صوبائی وزیر مختلف وارڈز میں گئے اور مریضوں کی خیریت دریافت کی۔زیر علاج مریضوں اور ان کے تیمار داروں سے طبی سہولیات کے بارے دریافت کیا مریضوں نے علاج معالجے کی سہولیات پر اطمینان کا اظہار کیا۔چوہدری شافع حسین نے کہاکہ ہسپتال کی مکمل عمارت کو لوگوں کے علاج معالجے کیلئے پوری طرح استعمال میں لایا جائے گا۔ہسپتال کے ایم ایس،ڈاکٹروں اور دیگر سٹاف نے ہسپتال میں دستیاب طبی سہولیات بارے آگاہ کیا۔صوبائی وزیر اعظم رحمانی کی رہائش گاہ پر بھی گئے اور ان سے انکی اہلیہ اور کزن کے انتقال پر اظہار تعزیت کیا۔صوبائی وزیر نے مرحومین کے درجات کی بلندی کیلئے فاتحہ خوانی بھی کی۔