تمام زمینوں کا ڈیٹا محفوظ ہوگا،ڈیجیٹل سسٹم ون کلک پر منتقل کرینگے:سیکرٹری اوقاف
لاہور(کرائم رپورٹر)محکمہ اوقاف کی زمینوں کو محفوظ بنانے کیلئے اہم پیشرفت سامنے آ گئی، سیکرٹری اوقاف پنجاب ڈاکٹر احسان بھٹہ نے محکمے کی تمام زمینوں کا ریکارڈ محفوظ کرنے کیلئے ڈیجیٹل ڈیش بورڈ بنانے کی ہدایات جاری کر دیں۔ذرائع اوقاف کے مطابق ڈیجیٹل ڈیش بورڈ میں محکمہ کی تمام زرعی، بنجر، کمرشل اور نان کمرشل زمینوں کا مکمل ڈیٹا محفوظ کیا جائے گا۔ڈیش بورڈ پر قبضہ شدہ زمین پرنشاندہی کیلئے ریڈ ایریا ظاہر ہو گا، زرعی زمین گرین اور بنجر زمین برائون ایریا دکھائی جائیگی۔تمام کمرشل زمینوں کے کرائے، کمرشل پراجیکٹس اور کم کرایوں پر دی گئی زمینوں کے معاہدوں کی تفصیلات بھی ڈیجیٹل ڈیش بورڈ کا حصہ ہونگی۔ کمرشل زمینوں کے گرد و نواح میں رائج کرایوں کا تقابلی ڈیٹا بھی شامل کیا جائے گا تاکہ کم کرائے والے معاہدوں کو ازسرِ نو مرتب کرنے میں مدد مل سکے۔اس موقع پر سیکرٹری اوقاف نے کہا محکمہ کا ڈیجیٹل سسٹم ون کلک پر منتقل کیا جائے گا۔ ایک کلک سے ہر زمین اور سکیم باریمکمل معلومات لی جا سکیں گی۔ قبضے کی اطلاع پر ضلعی انتظامیہ کی مدد سے بروقت کارروائی کی جائیگی۔ ڈیجیٹل ڈیش بورڈ سے شفافیت اور موثر نگرانی کو یقینی بنایا جا سکے گا۔