بانی پی ٹی آئی کا نام میڈیا پر نشر نہ کرنے کیخلاف درخواست، پیمرا کا ترمیمی قانون عدالت میں جمع

بانی پی ٹی آئی کا نام میڈیا پر نشر نہ کرنے کیخلاف درخواست، پیمرا کا ترمیمی قانون عدالت میں جمع

لاہور ہائی کورٹ میں بانی پی ٹی آئی کا نام میڈیا پر نشر نہ کرنے کے خلاف درخواست پر سماعت کی گئی۔

جسٹس شمس محمود مرزا کی سربراہی میں تین رکنی فل بینچ نے بانی پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کا نام میڈیا پر نشر نہ کرنے کے خلاف درخواست کی سماعت کی۔ عدالت نے درخواست گزاروں کے وکلا کو ترمیمی قانون کے تحت دلائل دینے کے لیے طلب کیا اور سماعت غیر معینہ مدت تک ملتوی کر دی۔پیمرا کے وکیل نے عدالت میں پیمرا ترمیمی قانون جمع کراتے ہوئے کہا کہ پیمرا ایک خود مختار ادارہ ہے اور اس کے معاملات کو براہ راست عدالت میں چیلنج نہیں کیا جا سکتا۔ ان کا کہنا تھا کہ درخواستیں ترمیمی ایکٹ کی روشنی میں مسترد کی جانی چاہئیں۔

بانی پی ٹی آئی کے وکیل، بیرسٹر احمد پنسوتہ نے اپنے دلائل میں کہا کہ پیمرا کی ہدایات کی بنا پر بانی پی ٹی آئی کا نام میڈیا پر نشر نہیں کیا جا رہا، اور یہ آئین کے تحت امتیازی سلوک ہے۔ ان کا مؤقف تھا کہ عدالت بانی پی ٹی آئی کا نام نشر کرنے کے احکامات جاری کرے۔عدالت نے اس درخواست پر مزید سماعت کے لیے وکلا سے مزید دلائل طلب کیے اور معاملے کی مزید تفصیل کے لیے سماعت ملتوی کر دی۔