پشاور: خیبرپختونخوا کے جنوبی اضلاع میں سیکیورٹی کی خراب صورتحال پر پشاور ہائیکورٹ نے وفاقی اور صوبائی حکومت سمیت دیگر متعلقہ فریقین کو نوٹس جاری کر دیے ہیں۔
جسٹس سید ارشد علی اور جسٹس ڈاکٹر خورشید اقبال پر مشتمل دو رکنی بینچ نے درخواست پر سماعت کی۔ وکیل درخواست گزار سجاد احمد محسود نے عدالت میں کہا کہ جنوبی اضلاع میں سیکیورٹی کی صورتحال انتہائی خراب ہے، جس کے باعث عوام کی زندگیاں محفوظ نہیں رہیں۔جسٹس سید ارشد علی نے استفسار کیا کہ اس کیس میں جواب کس سے طلب کیا جائے؟ جس پر وکیل نے کہا کہ اس معاملے پر وفاقی حکومت، صوبائی حکومت، وفاقی و صوبائی سیکرٹری داخلہ، آئی جی پولیس اور دیگر متعلقہ فریقین سے جواب طلب کیا جائے۔عدالت نے وفاقی، صوبائی حکومت، سیکرٹری داخلہ، آئی جی پولیس اور دیگر فریقین کو نوٹس جاری کرتے ہوئے آئندہ سماعت پر ان سے جواب طلب کر لیا۔