انسداد دہشتگری عدالت اسلام آباد نے پی ٹی آئی کے 26 نومبر کے احتجاج کے حوالے سے بشری بی بی کی 3 مقدمات میں عبوری ضمانت میں توسیع کر دی۔
تفصیلات کے مطابق، انسداد دہشتگری عدالت اسلام آباد میں پی ٹی آئی کے 26 نومبر احتجاج کے کیس کی سماعت ہوئی۔ بشری بی بی کی تین ضمانت قبل از گرفتاری کی درخواستوں پر سماعت انسداد دہشتگری عدالت نمبر 1 کے ڈیوٹی جج طاہر عباس سپرا نے کی۔بشری بی بی کے وکیل خالد یوسف کا کہنا تھا کہ بشری بی بی 190 ملین پاؤنڈ کیس میں گرفتار ہیں اور عدالت میں پیش نہیں ہو سکتیں۔ وکیل نے کہا کہ بشری بی بی تفتیش میں شامل ہونا چاہتی ہیں اور تفتیشی افسر کو ہدایت دی جائے کہ وہ بشری بی بی کو اڈیالہ جیل میں شامل تفتیش کریں۔
عدالت نے بشری بی بی کی عبوری ضمانت میں توسیع کرتے ہوئے 24 مارچ تک انہیں متعلقہ کیسز میں گرفتاری سے روک دیا۔ ضمانت قبل از گرفتاری کی درخواستوں پر آئندہ سماعت 24 مارچ کو ہوگی۔واضح رہے کہ بشری بی بی کے خلاف تھانہ رمنا، تھانہ مارگلہ اور تھانہ کراچی کمپنی میں مقدمات درج ہیں۔