ویب ڈیسک: چیف منسٹر انٹرن شپ پروگرام کی تقریب میں صوبائی وزیر کھیل پنجاب، ملک فیصل ایوب کھوکھر نے انٹرن شپ کی رقم 60 ہزار روپے کرنے کا اعلان کیا۔
تقریب میں انٹرن شپ حاصل کرنے والے نوجوانوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ملک فیصل ایوب کھوکھر نے کہا کہ وہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کے ویژن کو آگے بڑھا رہے ہیں، جن کی خواہش ہے کہ نوجوانوں کو ہر میدان میں بھرپور مواقع فراہم کیے جائیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ پنجاب کی 65 فیصد سے زائد آبادی نوجوانوں پر مشتمل ہے اور انہی نوجوانوں کو آگے لا کر ہی ترقی کے میدان میں کامیابی حاصل کی جا سکتی ہے۔فیصل ایوب کھوکھر نے بتایا کہ پہلے فیز میں 6 ہزار نوجوانوں کو وظیفہ دیا جا رہا ہے، جبکہ اگلے فیز میں اس تعداد کو بڑھا کر 10 ہزار تک کر دیا جائے گا۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ انٹرن شپ کی مدت کو چھ ماہ سے بڑھا کر ایک سال کیا جا رہا ہے اور اگلے فیز میں وظیفہ 60 ہزار روپے تک بڑھا دیا جائے گا۔صوبائی وزیر نے نوجوانوں کو اس سنہری موقع سے فائدہ اٹھانے کی ترغیب دیتے ہوئے کہا کہ انٹرن شپ کے چھ ماہ بہت اہمیت کے حامل ہیں، کیونکہ اس دوران نوجوانوں کی صلاحیتوں میں مزید نکھار پیدا ہوتا ہے اور ان کا تجربہ بڑھتا ہے۔